چوہدری نثار کا نادرا کو ملک بھر میں شناختی کارڈز کی تصدیق کا حکم

چوہدری نثار نے غیرملکیوں کے زیراستعمال پاکستانی شناختی کارڈ فوری منسوخ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

چوہدری نثار نے غیرملکیوں کے زیراستعمال پاکستانی شناختی کارڈ فوری منسوخ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ فوٹو؛ پی آئی ڈی

MUMBAI:
وزیرداخلہ نے نادرا کو ملک بھر میں تمام افراد کے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرنے کا حکم دیتے ہوئے تصدیق کی حکمت عملی بنانے کے لیے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی ہے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت نادرا ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں چوہدری نثار نے نادرا کو ملک بھر میں تمام افراد کے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق سمیت غیرملکیوں کے زیراستعمال پاکستانی شناختی کارڈ فوری منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے منصوبہ بندی کے لیے نادرا کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی ہے جس میں تمام افراد کے شناختی کارڈز کی تصدیق کے لیے حکمت عملی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔


اجلاس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دنیا کو پیغام گیا کہ پاکستانی شناختی کارڈ کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے، غیر ملکیوں کے زیر استعمال کارڈز کی نشاندہی کی جائے کیونکہ اب اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی غیر ملکی پاکستانی شناختی کارڈ استعمال نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈز کے تصدیق کے عمل میں انٹیلی جنس ادارے بھی نادرا کی مدد کریں گے کیونکہ ہمیں برسوں کا کام اب دنوں میں کرنا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

واضح رہے کہ امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے ولی محمد کے پاس سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ برآمد ہوا ہے جب کہ امریکا، افغان حکومت اور افغان طالبان نے ولی محمد کے ملا منصور ہونے کی تصدیق کردی ہے تاہم پاکستان نے شواہد کے بغیر تصدیق سے انکار کردیا ہے۔

Load Next Story