ذوالفقار آباد پراجیکٹ ملکی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا شرجیل

عام آدمی کے ذرائع آمدن کو بڑھانے اور روزگار کی فراہمی میں منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے

منصوبے کے مخالفین پاکستان کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے،صنعتوں کا علاقائی پیمانے پر فروغ ہوگا فوٹو: فائل

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد پراجیکٹ ملکی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔


عام آدمی کے ذرائع آمدن کو بڑھانے اور روزگار کی فراہمی میں منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔منصوبے کے مخالفین پاکستان کو ترقی یافتہ ملک نہیں دیکھنا چاہتے، صنعتوں کا علاقائی پیمانے پر فروغ ہوگاجبکہ ذوالفقار آباد کی تعمیر اسٹیٹ آف دی آرٹ شاہکار ہوگی۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذوالفقار آباد منصوبے کے مخالف یہ پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ اس شہر کے قائم ہونے کے بعد مقامی افراد بے روز گار ہو جائیں گے یہ مخالفین دراصل پاکستان کے مخالف ہیں جو پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک نہیں دیکھنا چاہتے ۔ انھوں نے کہا کہ ذوالفقار آباد منصوبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے اس علاقہ میں ترقی کا ایک نیا باب کھل جائے گا جس میں تمام مقامی افراد با آسانی اور اچھی شرح پر برسر روزگار ہو سکیں گے ۔

پیپلز پارٹی کے مخالفین سیاسی پلیٹ فارم سے ناکامی کے بعد جمہوری حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر بے بنیاد تنقید کر رہے ہیں جو ان کے سیاسی دیوالیہ پن کا کھلا ثبوت ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ذوالفقار آباد منصوبہ میں صنعت کاری کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس سے صنعتوں کا علاقائی پیمانے پر فروغ ہوگا ۔مزید برآں لائیو اسٹاک کے شعبہ میں ذوالفقار آباد موافق آب و ہوا کا حامل ہے اس علاقہ میں ماہی پروری اور دیگر جانوروں کی افزائش سے صوبہ بھر میں گوشت اور دودھ کی فراہمی ایک مثبت اشارہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عام آدمی کے ذرائع آمدن کو بڑھانے اور روزگار کی فراہمی میں ذوالفقار آباد منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقہ میں تفریحی مقامات کو مزید ترقی یافتہ بنا کر سیاحت کے شعبہ میں بھی بہتر روزگار کے مواقع میسر آسکتے ہیں ۔
Load Next Story