سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو 14روزہ ریمانڈ پر نیب کےحوالے

خالد لانگو کو 7 جون کو دوبارہ پیش کیا جائے، احتساب عدالت کا نیب کو حکم


ویب ڈیسک May 26, 2016
گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی فوٹو: فائل

ATTOCK: احتساب عدالت نےسابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

میر خالد لانگو کو سخت سیکیورٹی میں کوئٹہ کی احتساب عدالت پہنچایا گیا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو درخواست کی کہ خالد لانگو کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے تاکہ سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے خلاف ڈیڑھ ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔

اس موقع پر عدالت نے خالد لانگو سے استفسار کیا کہ کیا انہیں کوئی طبی مسئلہ ہے، جس پر خالد لانگو نے کہا کہ انہیں کوئی مسئلہ نہیں البتہ نیب کے اہلکار انہیں رکن صوبائی اسمبلی ہونے کے باوجود ہتھکڑی پہنا کر لائے ہیں۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد خالد لانگو کو 14 روز کے لئے نیب کی تحویل میں دے دیتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم کو 7 جون کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد نیب نے انہیں عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں