بوٹ کیمپ کرکٹرز کس بل نکال کر اعصاب شکن مشن مکمل

سخت مشقت کرنے والے کھلاڑیوں کی آج پریڈ دیکھنے کے بعد خوشگوار یادیں لیے کاکول سے اسلام آباد روانگی


Sports Reporter May 27, 2016
آخری روز رسہ کشی مقابلے میں پلیئرز اپنے ٹرینرز پر بھاری ثابت ہوئے، فتح کا والہانہ جشن بھی منایا،2روز آرام کے بعد لاہور میں اسکلز کیمپ کیلیے رپورٹ کریں گے ۔ فوٹو : پی سی بی

کرکٹرزکے کس بل نکال کراعصاب شکن مشن مکمل ہو گیا، سخت مشقت اور خوشگوار یادوں کے ساتھ بوٹ کیمپ کا اختتام ہوگیا، آرمی ٹریننگ سے مستقبل کیلیے کھلاڑیوں کو خاصا فائدہ ہوا، گذشتہ روز بھی معمول کی مشتقیں جاری رہیں، رسہ کشی مقابلے میں پلیئرز اپنے ٹرینرز پر بھاری ثابت ہوئے، فتح کا والہانہ جشن منایا، میزبان اسٹاف بھی خوشیوں میں شریک رہا، کھلاڑی جمعے کو گھروں کیلیے رخت سفر باندھنے سے قبل پریڈ کا نظارہ کرتے ہوئے جذبہ حب الوطنی جوان کرینگے۔

شارٹ لسٹ میں جگہ نہ بنانے والے اگلے موقع کا انتظار، دیگر کو 2روز آرام کے بعد لاہور میں اسکلز کیمپ کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنا ہوگی، حتمی اسکواڈ کا اعلان ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پاکستان آمد پر 5جون کو متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی بڑی وجہ فٹنس مسائل بھی تھے، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں اکھاڑ پچھاڑ کے ساتھ کرکٹرز کو سپر فٹ بنانے کی مہم کا آغاز کیا گیا، بیشتر کے فٹنس ٹیسٹ نیشنل اکیڈمی میں 8سے 12مئی تک مکمل کیے گئے۔

جس کے نتائج زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہے،ان مسائل پر قابو پانے کیلیے کاکول میں قائم پاکستان ملٹری اکیڈمی میں سخت ٹریننگ کے ذریعے قابو پانے کا پلان بنایا گیا، دورئہ انگلینڈ کیلیے ممکنہ 35کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا لیکن انجرڈ محمد حفیظ، عماد وسیم، حارث سہیل اور ذوالفقار بابر کے بعد یاسر شاہ کو بھی فٹنس کیمپ کے بجائے بحالی پروگرام میں شرکت کی ہدایت دی گئی، کاکول اکیڈمی میں ٹریننگ کا سلسلہ 13مئی کو شروع ہوا جس میں پی سی بی کے ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، معاون یاسر ملک اور دیگر متعلقہ اسٹاف فوجی انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں کھلاڑیوں کو جسمانی طور پر چاق و چوبند بنانے کے پلان پر عمل درآمد کرانے کیلیے کوشاں نظر آئے۔

مختلف ڈرلز کا پہلا سیشن صبح 6بجے شیڈول کیا گیا، دوسرے مرحلے میں بھی ٹریننگ کے بعد شام کو مختلف کھیلوں کے مقابلے کرائے گئے،کاکول اکیڈمی میں بیٹنگ، بولنگ یا نیٹ پریکٹس کا کوئی سیشن شیڈول نہیں کیا گیا تھا، 2ہفتے صرف فٹنس بہتر بنانے پر کام کیا گیا،کھلاڑیوں کو اپنی جسمانی استعداد مطلوبہ معیار تک لانے کیلیے سخت مشقت کرنا پڑی، روزانہ وارم اپ، طویل فاصلے کی دوڑ، اسپرنٹ اور ہرڈل ریسز، ڈھلوانوں پر چڑھائی اور پھلانگ کر سیڑھیاں چڑھنے جیسی مشقیں کرائی گئیں، وقت گزرنے کے ساتھ ٹریننگ بھی سخت ہوتی گئی، بھاری شہتیر کندھوں سے اوپر اٹھاکر چلنے اور ویٹ لفٹنگ سمیت کسرت کے مختلف طریقوں نے کھلاڑیوں کے کس بل نکال دیے۔

گذشتہ روز بھی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہا، معمول کی مشقوں کے بعد پاکستانی کرکٹرز اور آرمی ٹرینرز کی ٹیموں کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ ہوا جس میں کھلاڑیوں نے میدان مار لیا،اکیڈمی اسٹاف کی موجودگی میں بارونق ماحول میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے خوب زور آزمایا، طویل وقت تک کھینچا تانی جاری رہی جس کے بعد کامیابی بہرحال کرکٹرز کے ہاتھ آئی، مقابلہ جیتتے ہی کھلاڑی اپنے جوش پر قابو نہ رکھ پائے اور خوب شوروغل کرتے ہوئے جشن منایا، اس موقع پر میزبان ٹرینرز کی ٹیم بھی ان کی خوشی میں شامل اوربھر پور داد دیتی رہی، ریفری کے فرائض محمد رضوان نے سر انجام دیے، سخت مشقت اور خوشگوار یادوں کے ساتھ فٹنس کیمپ کا اختتام ہوگیا، پلیئرز جمعے کی صبح پریڈ کا نظارہ کرتے ہوئے جذبہ حب الوطنی جوان کرینگے، بعد ازاں اسلام آباد کیلیے رخت سفر باندھنے کا سلسلہ شروع ہوگا، جہاں سے اپنے شہروں کو روانگی طے ہے۔

دورئہ انگلینڈ کیلیے21کرکٹرز کو شارٹ لسٹ کیا جا چکا،ان کا اسکلز کیمپ30مئی سے5جون تک لاہور میں شیڈول ہے، نظراندازکھلاڑی اگلے موقع کا انتظار جبکہ دیگر آرام کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرینگے، حتمی اسکواڈ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی آمد پر منتخب کیا جائے گا، بعد ازاں انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے ہیمپشائر میں 16 جون سے تربیتی کیمپ لگانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں