قومی اسمبلی نے فلسطين پر اسرائيلی جارحيت اور ميانمار ميں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم كےخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور كر لی۔
مسلم ليگ (ن) كے ركن زاہد حامد نے قرارداد ايوان ميں پيش کی جس میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے اور فلسطین پر اسرائیلی حملے فوری طور پر رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
قرارداد میں كہا گيا كہ يہ ايوان غزہ اور ديگر فلسطينی شہروں پراسرائيل كی جانب سے کئے جانے والے حملوں کی سخت مذمت كرتا ہےجس کے نتیجے میں سيكڑوں معصوم فلسطينی شہيد اور زخمی ہوئے ہيں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ عالمی برادری كی طرف سے ماضی ميں اسرائيل كے ايسے اقدامات كےخلاف كسی قسم كی كارروائی نہ كئے جانے كی وجہ سے اسرائيل ايسی بربريت كا مظاہرہ كر رہا ہے۔ قرارداد ميں كئی دہائيوں سے نہتے فلسطينيوں كی طرف سے اس بربريت كا مقابلہ كرنے پر ان كو خراج تحسين پيش کیا گيا اور کہا گیا کہ اسرائيل كی طرف سے بے گناہ افراد كو نشانہ بنانے اور املاک كو تباہ كرنے سے عالمی امن كو خطرہ ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ اس بربریت کا نوٹس لے۔