وہ دن دور نہیں جب پاکستانی فلمیں عالمی سطح پر مقابلہ کریں گی حمائمہ ملک

کہانی،ڈائیلاگ،میوزک اوررقص پرزیادہ فوکس نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے فلموں کوتوقع کے مطابق رسپانس نہیں ملتا، حمائمہ ملک

اس وقت نوجوان فلم میکرز اورفنکاروں کوبٹوارے کی نہیں بلکہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ حمائمہ ملک ۔ فوٹو: فائل

معروف اداکارہ وماڈل حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ ایک اچھی فلم بنانے کے لیے صرف جدید ٹیکنالوجی اورکثیرسرمایہ ہی ضروری نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے سب سے پہلے مضبوط کہانی اورمنفرد موضوع ہونا چاہیے۔

''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو کے دوران حمائمہ ملک نے کہا کہ کہانی کی ڈیمانڈ کے مطابق فنکاروں کا انتخاب اورپھر میوزک اوررقص کے بعد جدید ٹیکنالوجی ، لوکیشنز اور ملبوسات سمیت دیگر اشیاء کو ترجیح ملنی چاہیے۔ ہمارے ہاں اچھی فلمیں بن رہی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پاکستانی فلمیں عالمی سطح پر مقابلہ کریں گی۔ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی، ملبوسات اور لوکیشنز پر تو خاص توجہ دی جارہی ہے لیکن فلم کی کہانی، ڈائیلاگ، میوزک اور رقص پرزیادہ فوکس نہیں کیا جاتا۔ جس کی وجہ سے فلموں کووہ رسپانس نہیں مل پاتا جس کے بارے میں فلم میکراورفنکارفلم کی ریلیزسے پہلے دعوی کررہے ہوتے ہیں۔


حمائمہ ملک نے کہا کہ موجودہ دورمیں بننے والی فلموں میں ماضی کی طرح کچھ مخصوص فنکاروں کو بار بار فلموں کا حصہ بنائے جانے کے بجائے نوجوان فنکاروں کو بھی کام کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ اس وجہ سے شائقین سینما گھروں کا زیادہ رخ کررہے ہیں لیکن ماضی کے سینئر فنکاروں کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا بہت ضروری ہے۔

فلمسازی کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ ماضی اور موجودہ دور کے فنکاروں کو ساتھ ملا کر فلمیں بنائی جائیں تواس سے بہتری آئے گی۔ اس وقت نوجوان فلم میکرز اورفنکاروں کوبٹوارے کی نہیں بلکہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ اگرایسا نہ کیا گیا توپھر ہماری فلمیں باکس آفس پرناکامی کا منہ دیکھیں گی اور شائقین کو سینماگھروں میں لانا مشکل ہوکررہ جائے گا۔

حمائمہ ملک نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان فلم انڈسٹری کا نیا جنم ہوا ہے اوربہت سے نوجوان فلم میکرز تجربات کررہے ہیں، ان میں سے کچھ کو اچھا رسپانس مل رہا ہے اور کچھ فلمیں توقعات پر پورا نہیں اتر پارہیں، لیکن ایک بات جوقابل تعریف ہے کہ اب ہمارے ہاں فلمسازی کے شعبے میں نوجوان بڑھ چڑھ کا حصہ لے رہے ہیں اوراس پروفیشن کواپنا رہے ہیں۔ جہاں تک بات انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کی ہے توآنے والے چند برسوں میں پاکستانی فلمیں دنیا بھرمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی اور دنیا کے بیشتر ممالک کی فلموں سے ہمارا زبردست مقابلہ ہوا کرے گا۔
Load Next Story