پیپلز پارٹی کا نوازشریف سے سیاسی اتحاد ممکن نہیں مولابخش چانڈیو

مولانا فضل الرحمان سیاسی معجزات دکھاتے رہتے ہیں لیکن اس وقت صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں،مشیر اطلاعات سندھ


ویب ڈیسک May 29, 2016
حکومت میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو دہشت گردوں کے حمایتی ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، مولابخش چانڈیو۔ فوٹو : آئی این پی

TANK: مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی پالیسیاں عوام دوست نہیں تو ان کا بجٹ کیسے عوام دوست ہوسکتا ہے اس لئے عوام کو حکومت سے اچھائی کی کوئی امیدنہیں اور نا ہی رکھنی چاہئے۔

حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےمشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ بجلی کے حوالے سے وفاقی حکومت کا رویہ تعصبانہ ہے عابد شیر علی وزیر اعظم کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہیں ملک کے بڑے صوبے کےلئے پالیسیاں کچھ اور ہیں اور دوسرے صوبوں کے لئے کچھ اور ۔ سندھ کو شدید گرمی میں بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے، وفاقی حکومت حیسکوکی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف بہترین شخصیت کے مالک ہیں لیکن نااہل مشیروں کے کہنے پر سیاسی غلطیاں کرتے ہیں۔ حکومت میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو دہشت گردوں کے حمایتی ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔وفاقی حکومت سے اچھے کام کی امید نہیں، آنےوالا بجٹ عوام دشمن بجٹ ہوگا کیونکہ جب (ن) لیگ کی پالیسیاں عوام دوست نہیں تو ان کا بجٹ عوام دوست کیسے ہوسکتا ہے، کسان پیکج ہو یا کوئی اور منصوبہ مخصوص لوگوں کو ہی فائدہ حاصل ہوتا ہے عوام کو وفاقی حکومت سے اچھائی کی کوئی امید نہیں اور نہ ہی ایسی امید رکھنی چاہئے۔

مشیراطلاعات نے کہا کہ بیمار شخص کی عیادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، نوازشریف کی صحتیابی کےلئے دعا گو ہیں اگر وہ نواز شریف کی عیادت کےلئے جائیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں ۔ مولانا فضل الرحمان سیاسی معجزات دکھاتے رہتے ہیں لیکن اس وقت صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ نوازشریف سے سیاسی اتحاد ممکن نہیں، اگر وزیر اعظم کی غیر موجودگی میں چوہدری نثار وزیراعظم بن جائیں تو بھی پیپلزپارٹی کوکوئی فرق نہیں پڑتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں