گارڈ کی ہلاکت مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی روحیل اصغر کے وارنٹ گرفتاری جاری

شیخ روحیل اصغر پر 2014 میں اپنی گاڑی سے ایک شخص کو کچلنے کا الزام ہے


ویب ڈیسک May 30, 2016
شیخ روحیل اصغر کے خلاف قتل کا مقدمہ عدالت کے حکم پر درج کیا گیا تھا فوٹو: فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ نے گاڑی کی ٹکر سے سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد کے رو برو مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور ان کے ساتھ ذوالفقار کے خلاف سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت کی جانب سے آج ملزمان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی لیکن دونوں ہی ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے جب کہ ملزمان کی جانب سے گزشتہ سماعت میں منظور کی گئی ضمانت کے مچلکے بھی جمع نہیں کرائے گئے۔

عدالت نے شیخ روحیل اصغر کے وکیل سے ملزمان کی غیر حاضری اور ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جس پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ انہیں ضمانتی مچلکے نقد جمع کرانے ہیں، اس کے لئے ابھی بینک سے رقم نکلوانی ہے اور اس کے لیے وقت دیا جائے۔ فاضل جج نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ شیخ روحیل اصغر پر الزام ہے کہ 10 اگست 2014 کو ان کی سرکاری گاڑی کی ٹکر سے نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ راز محمد ہلاک ہوگیا تھا تاہم پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ عدالت نے متوفی کی اہلیہ کی درخواست پر پولیس کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ان کے ایک ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |