ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا

اگرہمیں 5 جون کو شہادتیں موصول ہوگئیں تو ہم 6 جون کو روزہ رکھیں گ، مفتی شہاب پوپلزئی


ویب ڈیسک May 31, 2016
سرداریوسف نے مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے ملاقات میں رمضان المبارک اورعیدین ایک ہی روز منانے پربات چیت کی۔۔ فوٹو:فائل

ملک بھر میں رمضان المبارک اور عیدین ایک روز کرنے کے سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیرصدارت پشاور میں مقامی زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا۔

پشاور کے اوقاف ہال میں وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف کی زیرصدارت مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملک بھرمیں رمضان المبارک اور عیدین ایک ہی روز کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی تاہم اختلاف رائے سامنے آنے کے بعد ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف کا کہنا تھا کہ حکومت اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان رابطے کا فقدان ہے جسے ختم کیا جائے گا جب کہ اس معاملے پر قانون سازی کی بھی ضرورت ہے اور وہ بھی کی جائے گی۔

وفاقی وزیرمذہبی امور کا کہنا تھا کہ چاند کی 29 تاریخ کو زونل اور مرکزی کمیٹیوں کا اجلاس ایک ہی دن بلایا جائے گا اور قرآن و سنت کے مطابق علما جو فیصلہ کریں گے اس پر حکومت سمیت سب عمل کریں گے، مسجد قاسم علی خان سے جو شہادت آئے گی وہ زونل کمیٹی سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو پہنچائی جائے گی جس کا اہتمام وزارت مذہبی امورکرے گی۔

اجلاس کے دوران مسجد قاسم خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے 6 جون کو اجلاس بلا رکھا ہے تاہم اگر ہمیں 5 جون کو شہادتیں موصول ہوگئیں تو ہم 6 جون کو روزہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اشتہاردیا جائے کہ جس نے رمضان کا چاند دیکھا ہے وہ گواہی تجویز کردہ نمبرز پر دیں، چاند دیکھنے کی صورت میں وفاق کو آگاہ کریں گے، اگر چاند دیکھنے کی گواہی شریعت کے مطابق پوری اترے تو اسے قبول کرلیا جائے اگر نہ اترے تو رد کردی جائے۔

اس موقع پر وزیرمذہبی امور کا کہنا تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے درخواست کریں گے کہ آپ کی شہادتوں سے پہلے اعلان نہ کریں، مقامی رویت ہلال کمیٹی مسجد قاسم علی خان کی شہادتوں کو بھی وفاق تک پہنچائیں گے، علما کرام قابل عزت ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں جب کہ شہادتوں کو آگے پہنچانے کا کام حکومت کا ہے اس لئے اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں