شائقین نے پسند کرلیا نئی فلموں میں ایکشن کردار نبھانا چاہتی ہوں ایشا گپتا

ایسی فلم کرنے کی خواہش ہے جس میں مجھے مرکزی کردار میں کاسٹ کیا گیا ہو اور یہ کردار بھی ایکشن ہونا چاہیے.

فلم انڈسٹری میں منفرد مقام بنانا چاہتی ہوں ،ایشا گپتا فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے کہا ہے کہ نئی فلم میں پھر ایکشن کردار نبھائوں گی،پولیس افسر بن کر دیکھ لیا ۔

فلم ''چکرویو''میں پولیس افسر کے کردار میں پسند کیا گیا ۔انھوں نے کہا کہ آیندہ فلموں میں بھی ایکشن کردار نبھانا چاہتی ہوں ۔''چکرویو''میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں تاہم اب ایسی فلم کرنے کی خواہش ہے جس میں مجھے مرکزی کردار میں کاسٹ کیا گیا ہو اور یہ کردار بھی ایکشن ہونا چاہیے،انھوں نے کہا کہ زندگی کی یہ بڑی خواہش ہے کہ ایسی فلم میں ایکشن کردار نبھائوں جو خطرات سے بھری ہو اور اس کے ہر سین میں مجھے نئے خطرے کا سامنا ہو جس سے نمٹنے کے لیے میرا ایکشن کردار بھی انتہائی جاندار ہو ،اس کام کے لیے میں نے خود کو تیار کرلیا ہے ۔

اداکارہ نے کہا کہ فلم ''جنت ٹو ''اور ''رازتھری '' میں بھی جاندار پرفارمنس دی ہے اور ان فلموں کو دیکھنے والے اب اس حوالے سے رائے دیں گے،کیونکہ اچھی پرفارمنس دیکر فیصلہ شائقین پر چھوڑ دیا ہے۔28نومبر 1985ء کو بھارت میں پیدا ہونے والی اداکارہ ایشا گپتا نے 2007 ء میں مقابلہ حسن میں حصہ لے کر ایوارڈ جیتا اور مس انڈیا قرار پائیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ 2007ء کے دوران ہی ماڈلنگ سے کیرئیر کا آغاز کردیا ۔ اس عرصہ میں متعدد فیشن شوز میں حصہ لیا اور ریمپ پر واک کرنے کے ساتھ کمرشلز بھی کیں۔ واضح رہے کہ 2012ء میں فلم ''جنت ٹو '' میں عمران ہاشمی کے ساتھ رومانوی کردار نبھایا اس فلم میں ایشا کو لیڈ لیڈی رول میں کاسٹ کیا گیا ۔


اداکارہ ایشا گپتا کو فلمساز مکیش بھٹ کی اس فلم کے لیے اہم کردار ملا ،اس فلم کے ہدایتکار کنال دیش مکھ تھے ۔میوزک پریتم کاتھا ،اور شگفتہ رفیق نے اس فلم کی کہانی لکھی تھی ۔ایشا کا کردار بھی اس کی شخصیت کے تحت الاٹ کیا گیا۔ جس میں ایشا نے عمران ہاشمی کے ساتھ اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔ اس کے بعد فلم ''راز تھری '' میں بھی عمران ہاشمی اور ایشا گیتا کو مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیا گیا ۔اداکارہ نے اس ہارر فلم میں بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کو بے حد متاثر کیا ۔اس فلم کے ہدایتکار وکرم بھٹ تھے ۔جب کہ مہیش بھٹ نے یہ فلم پروڈیوس کی ۔یہ فلم بھی شگفتہ رفیق نے ہی تحریر کی ہے ۔

جب کہ اس فلم میں ایشا گپتا اور عمران ہاشمی کے ساتھ اداکارہ بپاشاباسو کا کردار بھی اہم رہا ۔اس کے بعد بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے 24اکتوبر 2012ء کوریلیز ہونے والی ہدایت کار و فلمساز پرکاش جھا کی فلم ''چکرویو''میں اہم کردار نبھایا ہے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس فلم کے کردار کو پرفارم کرکے اسے حقیقی خوشی ہوئی ہے کیونکہ ایشا کے مطابق وہ ایسے ہی کردار پرفارم کرنا چاہتی ہیں ۔اس طرز کے کرداروں میں جلوہ گر ہونے کی خواہش رکھنے والی اداکارہ کو مزید فلموں میں اب ایکشن کردار دینے کی بھی آفرز ہورہی ہیں ۔بالی وڈ اداکارہ کی نئی فلموں میں ایکشن کردار نبھانے کی خواہش نے اب ان کے مزید فلموں میں کام کرنے کے لیے بھی راستے ہموار کردیئے ہیں۔

اکثر اداکارائیں خطرناک سین فلمانے سے گھبراتی ہیں اور ان حالات میں ایشا کی جانب سے خطروں کے ساتھ کھیلنے کی خواہش انھیں منفرد بناتی ہے ۔بالی وڈ کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا کی اٹھان اچھی ہے اور انھیں کامیاب ہدایتکارو فلمساز نصیب ہوئے ہیں جس کے سبب وہ آتے ہی اچھی فلموں میں نمایاں کام کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا اداکاری کے فن کو سمجھتی ہیں اورانھیں اپنا کردار نبھانے کا سلیقہ بھی آتا ہے۔ دہلی کے ماحول میں زندگی کے ابتدائی ایام گزارنے والی ایشا گپتاکا اپنا بھی یہی خیال ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس کو عمدگی کے ساتھ پیش کر کے اپنا ایک منفرد مقام بنانے میں کامیاب رہیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اب آنے والی فلم کے لیے اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے کی جدوجہد کررہی ہوں ۔بالی وڈ میں قلیل عرصے کے دوران اپنی پرفارمنس کا جادو جگانے والی ایشا گپتا کی تینوں نئی فلمیں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہیں ۔اداکارہ ان فلموں کی کامیابی پر بھی خوش ہیں اور کہتی ہیں کہ انھیں توقع ہے کہ نئے انداز اختیار کرنے پر ان کی پرفارمنس میں بھی دلکشی پیدا ہوگی اور یہی چیزانھیںدوسری فنکارائوںسے الگ اپنی شناخت بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
Load Next Story