ملا منصورکو شناختی کارڈ جاری کرنے والے افراد گرفتار کرلیے چوہدری نثار

ملا اختر منصور کی لاش ڈی این اے تصدیق کے بعد ان کے ورثار کے حوالے کردی گئی، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک May 31, 2016
ملا اختر منصور کی لاش ڈی این اے تصدیق کے بعد ان کے ورثار کے حوالے کردی گئی، وفاقی وزیر داخلہ، فوٹو؛ فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ملا اختر منصور کی لاش ڈی این اے تصدیق کے بعد ان کے ورثار کے حوالے کردی گئی ہے جب کہ ان کے کاغذات کی تصدیق کرنے والے تمام افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ ملا اختر منصور کی لاش ڈی این اے کے بغیر ان کے ورثا کو نہیں دے سکتے تھے اور ڈی این اے میں وقت درکار ہوتا ہے تاہم اب ملا منصور کی لاش ورثا کے حوالے کردی جسے وہ سرحد پار لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملا منصور کے کاغذات کی تصدیق کرنے والے تمام افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ ملا منصور عرف ولی محمد کو 2002 میں پہلا شناختی کارڈ جاری کرنے والے کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مشکوک شناختی کارڈز کی تصدیق کے لیے نادرا کی ٹاسک فورس قائم کردی اور اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی خط لکھا ہے جس میں ان سے شناخی کارڈز کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کی درخواست کی گئی ہے جو نادرا کی کمیٹی کے اقدامات کا جائزہ لے گی جب کہ نادراکی اسٹینڈنگ کمیٹی بھی ہوگی جس میں حساس اداروں کے اہلکار بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جعلی شناختی کارڈز کے معاملے پر کام کیا اور ڈھائی سال میں ڈھائی لاکھ جعلی شناختی کارڈ بلاک کیے جب کہ نادرا میں اب ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے لیکن گزشتہ حکومت نے اس معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت میں صرف 529 شناختی کارڈز بلاک ہوئے اور مشرف دور میں ایک بھی شناختی کارڈ بلاک نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں