تیز کرکٹ میں کمان ’’سلو پلیئرز‘‘ کو سونپنے کا فیصلہ

آئندہ ماہ شیڈول قومی ٹوئنٹی20ٹورنامنٹ کیلیے بیشتر ریجنز نے اپنی ٹیموں کے نام فائنل کر کے پی سی بی کو بھجوا دیے ہیں۔


Sports Reporter November 21, 2012
کیریئر میں کئی بار ریٹائر ہونے کے بعد ایک بار پھر واپسی کے خواب دیکھنے والے محمد یوسف لاہور لائنز کے کپتان ہونگے۔ فوٹو: فائل

ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں عمر رسیدہ پلیئرز کو ٹیموں کی باگ دوڑ سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

کیریئر میں کئی بار ریٹائر ہونے کے بعد ایک بار پھر واپسی کے خواب دیکھنے والے محمد یوسف لاہور لائنز کے کپتان ہونگے، ان کی عمر 38 سال سے زائد ہی ہے،اس فارمیٹ سے خود ناطہ توڑنے والے 35 سالہ یونس خان کو ایبٹ آباد کا قائد مقرر کردیا گیا، قومی ٹی 20 کی کپتانی سے محرومی کے ساتھ ٹیم میں جگہ بھی کھونے والے تقریباً39 سالہ مصباح الحق فیصل آباد کی کمان سنبھالیں گے۔

دوسری جانب دورئہ بھارت کیلیے برقرار رکھے جانے والے کپتان محمد حفیظ نے وولفز سے تعلق توڑ لیا، اب بطور عام کھلاڑی لاہورلائنز کی نمائندگی کریں گے، توفیق عمر لاہور ایگلز کی پرواز کے انچارج ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ شیڈول قومی ٹوئنٹی20ٹورنامنٹ کیلیے بیشتر ریجنز نے اپنی ٹیموں کے نام فائنل کر کے پی سی بی کو بھجوا دیے ہیں، کیریئر میں کئی بار ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے محمد یوسف 2 سال کی کوششوں کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی تاحال ممکن نہیں بنا سکے تاہم ڈومیسٹک مقابلوں میں ایکشن میں نظر آنے کا موقع ضرور مل گیا ہے، مڈل آرڈر بیٹسمین مختصر طرز کے قومی ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز کی قیادت کریں گے۔

یاد رہے کہ یوسف پریذیڈنٹ ٹرافی بھی کھیلنے کے خواہشمند تھے تاہم پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ قوانین کی بعض شقوں کی وجہ سے اجازت نہ مل سکی، رن مشین کا لقب پانے والے تجربہ کار بیٹسمین کا کہنا ہے کہ بھر پور کوشش ہوگی کہ میری کپتانی میں لاہور لائنز کی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے،انھوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ میری کتنی انٹرنیشنل کرکٹ باقی ہے، اولین مقصد انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کرنا ہے،بھارت یا جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلیے قومی ٹیم کا حصہ بنائے جانے کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، سلیکٹرز پر منحصر ہے کہ وہ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ میں انٹرنیشنل ٹوئنٹی20 کرکٹ کھیلنے کا ارادہ نہیں رکھتا، صرف ون ڈے اور ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کا خواہشمند ہوں۔ دوسری جانب خود ہی مختصر طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے یونس خان کو ایبٹ آباد کی قیادت سونپی گئی ہے، مصباح الحق کو پی سی بی نے قومی ٹی20ٹیم کی قیادت سے محروم کرکے اسکواڈ سے بھی باہر کردیا تھا، فیصل آباد کی کمان ان کے سپرد کردی گئی ہے۔

قومی ٹوئنٹی 20 کپتان محمد حفیظ نے فیصل آباد ریجن کی جگہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ لاہورلائنز کی جانب سے بطور عام پلیئر کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔ٹیم میں محمد یوسف (کپتان)، محمد حفیظ، عبدالرزاق، ناصر جمشید، احمد شہزاد، کامران اکمل، عمر اکمل، وہاب ریاض، اعزاز چیمہ، مصطفی کمال، تنزیل الطاف، سہیل احمد، رضا علی ڈار، عدنان رسول، امام الحق شامل ہوں گے، لاہور ایگلز میں توفیق عمر(کپتان) کے ساتھ عمران فرحت، سمیع اسلم، بابر اعظم، عابد علی، اظہر علی، کامران ساجد، عثمان صلاح الدین، عدنان اکمل( وکٹ کیپر)، جنید ضیا، محمد خلیل، عمران علی، قیصر اشرف،وقاص اسلم، سعد نسیم اورعمر صدیق کو رکھا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں