پریذیڈنٹ ٹرافی یو بی ایل نے101رنز پر ہتھیار ڈال دیے

عمران کے 5 اور وہاب کے 4شکار، ناصرکی سنچری،اسٹیٹ بینک کیخلاف واپڈا 202پرڈھیر

زرعی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم کو 148 پر آئوٹ کرکے جواب میں 4 وکٹ پر 175رنز بنالیے. فوٹو : فائل

LIAQATPUR:
پریذیڈنٹ ٹرافی کے آٹھویں رائونڈ کے پہلے دن نیشنل بینک کیخلاف یوبی ایل نے101رنز پر ہتھیار ڈال دیے۔

عمران خان نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، بینک نے ناصر جمشید کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت جوابی اننگز میں ایک وکٹ پر 176رنز بنالیے، اسٹیٹ بینک نے واپڈا کو 202رنز پر ٹھکانے لگادیا، زرعی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم کو 148 پر آئوٹ کرکے جواب میں 4 وکٹ پر 175رنز بنالیے، دن بھر میں14وکٹیں گریں،زیڈ ٹی بی ایل کے سہیل تنویر اور زوہیب خان نے 3،3 وکٹیں لیں، حبیب بینک نے سوئی ناردرن کی پہلی اننگز 232 پر تمام کردی، اظہرعلی نے ففٹی بنائی،خان ریسرچ لیبارٹریز سے میچ کے ابتدائی دن پی آئی اے نے 9وکٹ پر267 رنزجوڑ لیے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم پر نیشنل بینک نے یوبی ایل کو101رنز سے آگے نہ بڑھنے دیا، عمران نے 38رنز دیکر5 اور وہاب نے 14رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سعدسرخیل33رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، بینک نے جوابی اننگز میں ایک وکٹ پر 176رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، ناصر جمشید101 پر ناقابل شکست ہیں، اوپنر نے اب تک 146 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15چوکے اور ایک چھکا جڑا،35رنز پر ناٹ آئوٹ بلال منیران کا ساتھ دے رہے ہیں، دونوں کے درمیان تک دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت ہو چکی۔


اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں اسٹیٹ بینک نے واپڈا کو 202 پر ٹھکانے لگادیا، شعیب مقصود 51، عامر سجاد34 اور سرفراز احمد36رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، رضوان حیدر اور عدنان رسول نے 3،3 وکٹیں لیں جبکہ 2،2 کھلاڑیوں کو حسن محمود اور کاشف صدیق نے میدان بدر کیا۔اسٹیٹ بینک نے جوابی اننگز میں 7 اوورز میں27 رنزپرایک وکٹ گنوا دی،کاشف صدیق24رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ مرغزار گرائونڈ، اسلام آباد میں پہلا دن بولرز کے نام رہا، مجموعی طور پر 14وکٹیں گریں۔

زرعی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم کو 148 پر آئوٹ کرکے جواب میں 4 وکٹ پر 175رنز بنالیے، پورٹ قاسم کے لیے خرم منظور54، خالدلطیف29 اور تنویراحمد20رنز بناکرنمایاں رہے، لیفٹ آرم فاسٹ بولر سہیل تنویر اور زوہیب خان نے 3،3وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ دو کھلاڑیوں کو جنید نادر نے قابو کیا۔ زیڈ ٹی بی ایل کے شرجیل خان46 اور آفاق رحیم40رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، بابراعظم36 اور عمران نذیر34رنز کے ساتھ وکٹ پر براجمان ہیں۔

اعظم حسین نے 2وکٹیں لیں۔اسلام آباد کے ڈائمنڈ گرائونڈ میں حبیب بینک سے میچ میں سوئی ناردرن گیس نے 68.5 اوورز 232 رنز بنائے، اظہرعلی56، علی وقاص44 اور محمد رضوان 31رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمراکمل21رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، عبدالامیراور اسلم قریشی نے 3،3 جبکہ عمرگل اور احسان عادل نے 2،2 پلیئرز کو واپسی کے پروانے تھمائے۔

کے آر ایل اسٹیڈیم، راولپنڈی پرخان ریسرچ لیبارٹریز سے میچ کے ابتدائی دن پی آئی اے نے 9وکٹ پر267 رنزجوڑ لیے، ٹیل اینڈرطاہرخان 57 پرناٹ آئوٹ ہیں، انور علی49، آغا صابر48 اور سرفراز احمد34رنز بنانے میں کامیاب رہے ، علی خان نے40 رنزدیکر3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ نیرعباس نے اتنی ہی وکٹوں کیلیے78رنز کی پٹائی برداشت کی، راحت علی کو بھی تین وکٹوں کیلیے 69رنز دینا پڑے۔
Load Next Story