بھارتی وزیرخارجہ کا دورئہ پاکستان پی سی بی سری نواسن کی بھی آمد کا خواہاں

بھارت سمیت دیگر غیرملکی ٹیموں کو دورے پر بلانے کی راہ ہموار کی...


ایکسپریس July 22, 2012
پی سی بی سری نواسن کی بھی پاکستان آمدکا خواہاں ہے تاکہ بھارت سمیت دیگر غیرملکی ٹیموں کو دورے پر بلانے کی راہ ہموار کی جا سکے گی،ذرائع. فائل فوٹو

پی سی بی بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے ساتھ صدر بی سی سی آئی سری نواسن کی بھی پاکستان آمد کا خواہشمند ہے،اس سے بھارت سمیت دیگر غیرملکی ٹیموں کو دورے پر بلانے کی راہ ہموار کی جا سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق تعلقات پر چھائی برف پگھلنے کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈکی کوشش ہے کہ مزید ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے باہمی اعتماد مزید بڑھے۔

ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ چیئرمین ذکا اشرف نے وزارت خارجہ سے درخواست کی کہ بھارتی منسٹر کے مجوزہ دورئہ پاکستان کے موقع پر صدر بی سی سی آئی سری نواسن کو بھی آنے کی دعوت دی جائے، یاد رہے کہ بھارتی فارن منسٹر ایس ایم کرشنا ستمبر میں پاک سرزمین آنے کا اعلان کر چکے ہیں،وہ اپنے ہم منصب سمیت دیگر پاکستانی لیڈرز سے ملاقات کریں گے، ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وزارت خارجہ چیئرمین پی سی بی کی درخواست پر غور کر رہی ہے، اس ضمن میں نئی دہلی میں سفارت خانہ سے بھی مشاورت ہوگی، رضامندی کی صورت میں بھارتی فارن منسٹری سے این سری نواسن کو ساتھ لانے کی درخواست کی جائے گی،

اس پر عمل کرنا یا نہ کرنا بھارت پر ہی منحصر ہو گا۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ پی سی بی چاہتا ہے کہ سری نواسن کو پاکستان بلا کرانھیں ملکی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا جائے،اس سے مستقبل میں بھارتی ٹیم سمیت دیگر غیرملکی سائیڈز کے دورئہ پاکستان کی راہ ہموار کرنے میں مدد مل سکے گا۔ یاد رہے روایتی حریفوں کے درمیان ممبئی حملوں کے بعد سے کرکٹ روابط معطل ہیں، سیاسی کشیدگی کم ہونے پر بی سی سی آئی نے رواں برس دسمبر میں پاکستان ٹیم کو مدعو کیا ہے، 5 برس بعد کھیلے جانے والی پہلی سیریز 3 ون ڈے اور2 ٹوئنٹی 20 میچز پر مشتمل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں