کراچی کے ضمنی انتخابات کی دونوں سیٹیں ایم کیو ایم نے جیت لیں غیر سرکاری نتائج

کراچی کے دونوں حلقوں میں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔


ویب ڈیسک June 02, 2016
پی ایس 106 اور 117 متحدہ کے سابق رکن اسمبلی افتخار عالم اور ڈاکٹر صغیر کے استعفے کے بعد خالی ہوئیں۔ فوٹو؛ ایکسپریس/ محمد نعمان

شہر قائد کے 2 حلقوں پی ایس 106 اور 117 کے ضمنی انتخابات میں ایم کیوایم نے میدان مار لیا جب کہ نوشہرو فیروز میں پیپلزپارٹی سرخرو ہوئی۔

کراچی اورنوشہروفیروزمیں سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا تاہم تینوں حلقوں میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا۔ شہر قائد کے دونوں حلقوں میں ووٹنگ کے بعد گنتی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جس کے تحت غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق دونوں حلقوں میں ایم کیوایم نے کامیابی حاصل کی ہے۔

ریٹرننگ افسران کی جانب سے جاری نتیجے کے مطابق پی ایس 117 سے ایم کیوایم کے قمر عباس 10 ہزار 738 اور پی ایس 106 سے بھی ایم کیوایم کے محفوظ یار خان 18 ہزار 137 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ دونوں نشستوں پر تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔

دوسری جانب نوشہرو فیروز کے حلقہ پی ایس 22 سے پیپلزپارٹی کے عبدالستار راجپر کامیاب ہوئے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے عارف مصطفیٰ دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ پی ایس 106 اور پی ایس 117 پر ایم کیو ایم کے افتخار عالم اور ڈاکٹر صغیر کامیاب ہوئے تھے تاہم دونوں افراد ایم کیو ایم چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنی اسمبلی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ پی ایس 22 پر عدالت کے حکم پر ضمنی انتخاب ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں