فرانس نے افغانستان میں جنگی مشن ختم کردیا نیٹو بھی پیروی کرے طالبان

کپیسا کے نجراب بیس پر تعینات 400 فرانسیسی فوجی وطن واپس روانہ

افغان صوبے کپیسا کے قریب نجرب سے مشن ختم کرکے واپس جانے کے موقع پر فرانسیسی فورس کے افسران پرچم کو لپیٹ رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

فرانس نے افغانستان میں اپنا جنگی مشن ختم کردیا، فرانس کی فوج نیٹو کے تحت افغانستان میں تعینات تھی تاہم منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق 10بجے فرانسیسی فوج کا آخری دستہ افغانستان سے واپس روانہ کردیا گیا جس کے ساتھ فرانس کی فوج کا افغانستان سے انخلاء مکمل ہوگیا۔


فرانسیسی فوج افغانستان کے صوبہ کپیسا کے نجراب ملٹری بیس پر تعینات تھی جہاں مرحلہ وار انخلاء کے بعد 400 فرانسیسی فوج کے اہلکار باقی تھے جو منگل کو وطن واپس روانہ ہوگئے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق فرانس کے تمام فوجی افغانستان سے اگلے مہنیے تک نکل جائیں گے، 2013 تک افغانستان میں صرف 1300 فوجی رہیں گے جو افغان فورسز کو ٹریننگ دیں گے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دوسرے اتحادی ممالک بھی فرانس کو دیکھتے ہوئے افغانستان سے اپنی فوج واپس بلا لیں، اے ایف پی کے مطابق افغانستان میں رواں سال افیون کی پیداوار میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آئی این پی کے مطابق افغان پولیس نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 16جنگجوئوں کو ہلاک اور26کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
Load Next Story