بغدادی میں 2 افراد اغوا اورتشدد کے بعد قتل

سر اور سینے پر گولیاں مارکر ہلاک کیاگیا،مقتولین جمشید کواٹرز کے رہائشی تھے


Staff Reporter November 21, 2012
منگھو پیر، راشد منہاس روڈ، شفیق موڑ،بہادرآباد اور گلشن میں فائرنگ سے6 زخمی. فوٹو: فائل

SYDNEY: بغدادی کے علاقے آئی سی آئی پل کے قریب سے2 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر اور سینے پر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا اور لاشیں پھینک کر فرار ہوگئے۔

جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بغدادی کے علاقے آئی سی آئی پل ماوانی پاڑہ کے قریب سے2 افراد کی لاشیں ملیں جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر انھیں اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچادیا ۔ بغدادی تھانے کے ہیڈ محرر اشفاق نے بتایا کہ مقتولین کی شناخت22 سالہ محسن ولد محمد اقبال اور25 سالہ عارف ولد حسن خان کے نام سے ہوئی۔ جائے وقوعہ سے مقتولین کی یونیک موٹر سائیکل نمبر KFC-8585 بھی پولیس کو ملی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو وہیں پر لاکر فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے ، مقتولین جمشید کوارٹرز کے رہائشی ہیں اور پیر کی رات ساڑھے نو بجے کے قریب گھر سے نکلے تھے کہ لاپتہ ہوگئے ، مقتول محسن کاٹھیاواڑی ہے جبکہ مقتول عارف کا آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے اور دونوں ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کرکے دہرے قتل کا مقدمہ نمبر 284/12 مقتول محسن کے والد محمد اقبال کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے ، پولیس واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قراردے رہی ہے۔

فائرنگ کے دیگر واقعات میں منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں فائرنگ سے گل رحمن ، شارع فیصل کے علاقے راشد منہاس روڈ جوہر موڑ کے قریب فائرنگ سے 23 سالہ صغیر جبکہ سمن آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا شفیق موڑ کے قریب45 سالہ کریم نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ نیوٹاؤن کے علاقے بہادر آباد سوسائٹی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے چوکیدار60 سالہ یعقوب اور گلشن چورنگی کے بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ٹانگ پر لگنے سے26 سالہ خضر زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں لیجایا گیا ۔

جمشید کوارٹر کے علاقے پٹیل پاڑہ مچھلی مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران 25 سالہ دلاور خان ولد رحیم داد زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان زخمی ہونے والے سے ایک لاکھ75 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر لے گئے جبکہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے بلال کالونی پختون خواہ چوک پر نامعلوم ملزمان نے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل عبد الغفور ولد مٹھن کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں