وزیراعظم نوازشریف کی ہلکی چہل قدمی نرم غذا کا استعمال بھی شروع

وزیراعظم نے فون پروالدہ اور بیٹی سے بات چیت بھی کی۔

وزیراعظم نے فون پروالدہ اور بیٹی سے بات چیت بھی کی۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم نواز شریف لندن کے اسپتال میں روبہ صحت ہورہے ہیں، انھوں نے کمرے میں ہلکی چہل قدمی کی اورکھانے میں نرم غذا کا استعمال بھی کیا جب کہ وزیراعظم پینے کیلیے پانی اور پھلوں کے جوس استعمال کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنی بیگم کلثوم نوازاوردونوں بیٹوں سے ہلکی پھلکی گفتگوبھی کی۔ نوازشریف نے ٹیلیفون پر اپنی والدہ اور بیٹی مریم نواز سے بھی بات کی، مریم نواز نے جب وزیراعظم کو اسلام آباد میں بارش کی تباہ کاریوں کے بارے میں بتایا تو نوازشریف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نواز شریف تیزی سے صحت مند ہو رہے ہیں اور بہت جلد انہیں آئی سی یو سے کمرے میں شفٹ کردیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ وزیر اعظم کی رمضان کے اختتام سے قبل وطن واپسی کا امکان ہے، ڈاکٹرز وزیراعظم کو 5 سے 6 روز میں گھر جانے کی اجازت دینگے۔


وزیراعلیٰ شہبازشریف اور وزیراعظم کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز نے کہا کہ ہم نواز شریف کی صحت یابی کیلیے دعا کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی وزیراعظم کو گلدستہ بھجوایا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے وزیراعظم کے نام اپنے خط میں کہا کہ انھیں وزیراعظم نواز شریف کی بیماری کی خبر سن کر دکھ ہوا، میں اُن سے آئندہ ملاقات کا متمنی ہوں۔

نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی ، بنگلہ دیشی وزیراعظم کے پریس سیکریٹری احسان الکریم کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ واجد نے اپنے پاکستانی ہم منصب نوازشریف کو نیک خواہشات کے پیغامات بھجوائے اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔
Load Next Story