عادل بخش چٹھہ ق لیگ میں شامل آئندہ الیکشن میں پنجاب سے ن لیگ کا صفایا کردینگے پرویز الٰہی

ایک مرتبہ کسی کا ساتھ دینے کی حامی بھرلیں تو پھر ہماری طرف سے کبھی کوتاہی نہیں ہوتی،نائب وزیراعظم کی وفد سے گفتگو.


Numainda Express November 21, 2012
97 سے لے کرآج تک حامد ناصرچٹھہ کی مخالفت کی اورآئندہ بھی کریں گے، عادل بخش چٹھہ،پی پی 103 سے امیدوار نامزد۔ فوٹو: این این آئی/فائل

مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی سے منگل کو (ن) لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی حاجی شوکت حیات چٹھہ کے صاحبزادے چوہدری عادل بخش چٹھہ نے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم اصولوں کی سیاست کرتے ہیں، ایک مرتبہ کسی کا ساتھ دینے کی حامی بھر لیں تو پھر ہماری طرف سے کبھی کوتاہی نہیں ہوتی۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ این اے 101 سے ساجد حسین چٹھہ اور پی پی 103 سے چوہدری عادل بخش چٹھہ ہمارے امیدوار ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزیرآباد میں کارڈیالوجی اسپتال بنا کر ہم نے قریبی اضلاع کو ایک تحفہ دیا تھا مگر ن لیگ نے انتقامی سیاست کی وجہ سے اسے چلنے نہیں دیا، مسلم لیگ (ق) اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوار آئندہ الیکشن میں پنجاب سے ن لیگ کا صفایا کر دیں گے۔

اس موقع پر عادل بخش چٹھہ نے کہا کہ 97ء سے لے کر آج تک ہم نے حامد ناصر چٹھہ کی مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے، ہم چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی کی زیر سرپرستی ضلع گوجرانوالہ میں مل جل کر کام کریں گے۔ شمولیت اختیار کرنے والے وفد میں میاں محمد اقبال، سردار محمد افضل، ارشد محمود بھٹی، ارشاد اللہ وڑائچ، طارق مغل، ملک آصف، اے آر عادل، مرزا علیم رضی، خرم بھنڈر، رانا ناصر، لیاقت کھوکھر، علی محمود، محسن کھوکھر، محمد اسلم، رانا اشعر اکمل، رضوان اسلم، خادم اسدی، ملک فراست، ملک محمد اسلم، بابر رضوان چیمہ، عثمان چیمہ اور علاقہ کی دیگر معزز شخصیات بھی شامل تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں