کراچی میں کلفٹن پر واقع ڈولمن مال میں آتشزدگی 5 افراد زخمی

آتشزدگی شاپنگ سینٹر کے فوڈ کورٹ میں شارٹ سرکٹ سے ہوئی جس پر بروقت قابو پالیا گیا۔


ویب ڈیسک June 03, 2016
آتشزدگی شاپنگ سینٹر کے فوڈ کورٹ میں شارٹ سرکٹ سے ہوئی جس پر بروقت قابو پالیا گیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس/ محمد نعمان

ISLAMABAD: کلفٹن میں واقع ڈولمن مال شاپنگ سینٹر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم آتشزدگی کے باعث بھگدڑ مچنے سے 5 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ڈولمن شاپنگ سینٹر کے فوڈ کورٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسرے فلور پر موجود فوڈ کورٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعہ کے وقت شاپنگ سینٹر میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور آگ لگنے کے باعث پورے شاپنگ سینٹر میں دھواں بھر گیا جس کے باعث شاپنگ سینٹر میں بھگدڑ مچ گئی تاہم شاپنگ سینٹر کی انتظامیہ نے لوگوں کو باہر نکال کر اپنی مدد آپ آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں۔

شاپنگ سینٹر میں فائر بریگیڈ انتظامیہ کے پہنچنے کے بعد تقریباً 45 منٹ کے اندر ہی آگ پر قابو پالیا تاہم ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں 5 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ شاپنگ پلازہ انتظامیہ نے شاپنگ سینٹر میں آگ سے متاثرہ ہونے والے حصے میں مرمت کا کام شروع کردیا ہے جب کہ کل تک شاپنگ مال کو کھول دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔