عمران خان کی سیاست کا نتیجہ ملک کے لیےنقصان دہ ہو گا پرویز رشید

عمران خان کی سیاست سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہوگی، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک June 04, 2016
افغان جنگ کے بعد خطے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کو فروغ ملا جس کے پاکستان پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے، پرویز رشید : فوٹو : فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویزرشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست کا نتیجہ ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان سے روسی فوجوں کے انخلا کے بعد مزاحمتی گروپوں نے فرقوں کی بنیاد پر جنم لیا اور افغان جنگ کے بعد خطے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کو فروغ ملا جبکہ اس فرقہ واریت کے پاکستان پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے۔ فرقے کی بنیاد پر ایک دوسرے کے لوگوں کو قتل کیا گیا اور ان گروہوں کا ریاستی اداروں سے بھی ٹکراؤ شروع ہوگیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا اور بہت سے نتیجہ خیز اہداف کو حاصل کیا جاچکا ہے اب انتہا پسندانہ سوچ کے خاتمے کےلئے نظریاتی ضرب عضب کی ضرورت ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ ملک میں عقیدے کی بنیاد پر سیاست نہیں ہونی چاہئے لسانی یا علاقائی بنیادوں پر عقیدے سے تنگ نظری جنم لیتی ہے ۔ ہمارا معاشرہ جنگجو رویئے سے تنگ آچکا ہے نظریاتی ہم آہنگی کےبغیرتنازعات کو حل اور ٹکراؤ کو ختم نہیں کیا جاسکتا اورنظریاتی ہم آہنگی کیلئے فکری سمت کا درست کرناضروری ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ فرقہ واریت،لسانیت سمیت مختلف چیلنجز سے مل کرہی نمٹ سکتے ہیں، تعصب سے پاک رہ کر معاشرے کی تعمیر کرنا ہوگی اور اپنے اپنے مسالک پر قائم رہ کر مفادات سے بالا تر ہو کر ملک کی ترقی کےلئے تمام افراد کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی ۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے کو امن کی اشد ضرورت ہے،فساد والے علاقوں سے سرمایہ کاری روٹھ جاتی ہے، عمران خان کی سیاست کا نتیجہ ملک کے لیےنقصان دہ ہو گا کیونکہ ان کی سیاست سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں