کوئٹہ شہباز ٹاؤن میں دھماکا 7 افراد جاں بحق 16 زخمی

ہ دھماکا خودکش نہیں تھا بلکہ سائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا، سی سی پی او کوئٹہ


ویب ڈیسک November 21, 2012
دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا. فوٹو ایکسپریس

شہبازٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندے عرفان رانا کے مطابق کوئٹہ کےعلاقے شہباز ٹاؤن میں دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، بم سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، شہباز ٹاؤن کے علاقے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ایک اور بم برآمد کرکے اسے ناکارہ بنادیا۔

دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی تاہم بلوچستان اور کوئٹہ میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث زخمیوں کو سرکاری اسپتالوں میں منتقل نہیں کیا گیا، سیکیورٹی فورسز اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سی سی پی او کوئٹہ میرزبیرنے کہا کہ دھماکا خودکش نہیں تھا بلکہ سائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا، انہوں نے کہا کہ حادثے کی مزید تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق کا پتا چل سکے گا۔

سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبرحسین درانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے،انہوں نے کہا کہ شہراورصوبے بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں