پاناما لیکس ٹی او آرز کمیٹی کا اجلاس ایک بار پھر بے نتیجہ ختم ڈیڈ لاک برقرار

حکومت کا پہلے دن سے مؤقف ہے کہ اپنے ٹی او آر پراصرار نہیں کرے گی، خواجہ سعد رفیق

حکومت کا پہلے دن سے مؤقف ہے کہ اپنے ٹی او آر پراصرار نہیں کرے گی، خواجہ سعد رفیق، فوٹو؛ فائل

پاناما لیکس کے ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے جب کہ خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں کسی طرح کا ڈیڈ لاک نہیں اس صورتحال کوڈیڈ لاک نہیں کہا جانا چاہیے۔



پاناما لیکس کے ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا جو ایک بار پھر بغیر کسی پیشرفت کے ختم ہوگیا جب کہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں کسی طرح کا ڈیڈ لاک نہیں، اس صورتحال کوڈیڈ لاک نہیں کہا جانا چاہیے، ہم نے 3 دستاویز اپوزیشن کو پیش کیں اور ہمیں اپوزیشن کی ایک دستاویز ملی جب کہ اجلاس میں جائزہ لیا گیا کہ اپوزیشن کے ٹی اوآرمیں کن قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور اپوزیشن کے جو ضابطہ کار قانون سے متصادم تھے ان کی نشاندہی کی گئی۔



خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن نے مشورے کے لیے وقت مانگا اورمنگل کو اگلے اجلاس کی تجویز دی جب کہ حکومت کا پہلے دن سے مؤقف ہے کہ اپنے ٹی او آر پراصرار نہیں کرے گی حالانکہ حکومت نے اپنے پہلے ٹی او آر کو واپس لیا نہ سپریم کورٹ نے مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کسی مخصوص وقت کے لیے نہیں، طویل مدت کے لیے ہوتا ہے جب کہ ہمارا پہلے بھی مؤقف تھا اتفاق رائے سے آگے بڑھیں گے۔




دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹی او آر کمیٹی کا اجلاس آج بھی بے نتیجہ رہا ، ڈیڈ لاک پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جب کہ حکومت نے ہمارے ٹی او آر دیکھ کر جواب دینے کا وقت مانگا تھا لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مشاورت اور قانونی رائے لے کر حکومت کو منگل کے اجلاس میں رد عمل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مذاکرات سے متفقہ ٹی او آر پر پہنچ جائیں جب کہ ٹی او آر پر اتفاق کے بعد انکوائری کے لیے قانون بنانے پر کام کریں گے، قانون بنائے جانے کے بعد اس کی روشنی میں پانامالیکس پرکمیشن بنایا جائے گا۔



پاناما لیکس کے ٹی او آرز پر حکومتی اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کے ٹی او آر کے پس منظر میں نئے ٹی او آر دیئے جب کہ نئے ٹی او آر میں متعلقہ قوانین پر مبنی دستاویزات بھی اپوزیشن کو دی گئیں جس میں انکم ٹیکس ،ویلتھ ٹیکس اور فارن ایکسچینج سے متعلق قوانین شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق اپوزیشن نے آپس میں اور اپنی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے اور کمیٹیوں کا آئندہ منگل کی شام 4 بجے ہوگا۔

Load Next Story