نریندر مودی نے افغانستان میں بھارت کے تعاون سے بننے والے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کا افتتاح کردیا
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے افغانستان میں بھارت کے تعاون سے سلمیٰ ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کا افتتاح کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو افغانستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ مل کرصوبے ہرات میں بھارتی حکومت کے تعاون سے بنائے جانے والے سلمیٰ ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کا افتتاح کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 290 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ڈیم سے 42 میگاواٹ بجلی پیدا ہوسکےگی جب کہ منصوبے سے افغانستان کو توانائی کے مسائل پر قابو پانےمیں مدد ملے گی۔
ڈیم کے افتتاح کے بعد ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نریندر مودی نےکہا کہ ڈیم کی تعمیر بھارت اور افغانستان کی دوستی کا نشان ہے جس سے لوگوں کے گھروں میں روشنی آئی گی اور زمینوں کو سیراب کیا جائے گا جب کہ اس منصوبے سے خطے کے عوام خوشحال ہوں گے بلکہ افغانستان کے خوشحال مستقبل کی اہم نوید ہے۔
دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ سلمیٰ ڈیم کی تعمیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔