محمد علی کا انتقال لیاری کی فضا بھی سوگوار ہوگئی

لیاری میں محمد علی کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام

یاد میں شمعیں روشن کی گئیں،سہ روزہ سوگ منایا جائیگا، سندھ باکسنگ حکام۔ فوٹو: فائل

عظیم باکسر محمد علی کے انتقال پر پوری دنیا کی طرح باکسنگ کے حوالے سے مشہور کراچی کے قدیم علاقے لیاری کی فضا بھی سوگوار ہوگئی۔

انٹرنیشنل اور قومی سطح کے باکسرز پیدا کرنے والے لیاری میں اندوہناک خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور کھیلوں خاص طور پر فٹبال اور باکسنگ کے لیے حوالے سے معروف علاقہ سوگ کی کیفیت میں مبتلا ہوگیا، محمد علی کی رحلت کی خبر پہنچنے پر لوگ جوق درجوق بلوچ چوک پر جمع ہوگئے، ان میں سابق سینئر اور نوجوان باکسرز کی بھی بڑی تعداد شامل تھی،اس موقع پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا، لوگ اولمپک باکسر ملنگ بلوچ، شیر محمد رستم، عبدالرؤف قریشی، عبدالغنی درویش، محمد اکبر، فدا حسین بلوچ،وسیم بخش، عبدالخالق اور محمد صدیق قمبرانی جیسے نامورباکسرزسے اظہار تعزیت کرتے رہے۔ دوسری جانب گزری باکسنگ کلب میں محمد علی کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پرانٹرنیشنل باکسرزصابر بلوچ اور جاوید خان و دیگر بھی موجود تھے۔


دریں اثنا سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد اصغر بلوچ نے کہا کہ محمد علی کے انتقال کے موقع پر سہ روزہ سوگ منایا جائیگا،گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرانے کے ساتھ لوگ بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھیں گے،صبح ساڑھے10 بجے لیاری ویلفیئر سینٹر، چاکیواڑہ میں ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی ہوگی۔

مزید براں پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو، سیکریٹری اقبال حسین، اولمپک ریفری علی اکبر شاہ، انٹرنیشنل کوچ علی بخش، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان، راشد لطیف، وسیم باری، سابق ٹیسٹ کرکٹرسلیم یوسف، جلال الدین، سابق قومی ہاکی کپتان اولمپئن اصلاح الدین صدیقی، اولمپئن سمیع اللہ خان، اولمپئن عبدالوحید خان، اولمپئن افتخار سید، سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان ودیگر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی کی رحلت ناقابل تلافی نقصان ہے۔
Load Next Story