دل کا مریض نہیں الحمداللہ آپ سے زیادہ کام کرتا ہوں ڈارکا صحافی کو جواب

گزشتہ سال کی پریس کانفرنس کے برعکس وزیرخزانہ نے اس باربرداشت کا مظاہرہ کیا،سخت سوالات پربھی ہنس کرجواب دئیے

گزشتہ سال کی پریس کانفرنس کے برعکس وزیرخزانہ نے اس باربرداشت کا مظاہرہ کیا،سخت سوالات پربھی ہنس کرجواب دئیے:فوٹو: ایکسپریس/فائل

وفاقی وزیر خزانہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران کافی مطمئن اور خوش دکھائی دے رہے تھے، پرہجوم پریس کانفرنس کے آغاز میں وزیر خزانہ نے مشکل اقتصادی زبان میں اپنی کامیابیاں گنوائیں اور حاضرین سے داد طلب کرنے کی غرض سے کئی بار کہا کہ کئی روز کی 'عرق ریزی' کے بعد بہت اچھا بجٹ بنانے کی کوشش کی۔

وزیرخزانہ نے اپنے ذمے عائد کئی امور کا ذکر بھی کیا کہ ایک طرف ٹی اوآرز پرکمیٹی کی میٹنگز چل رہی تھیں اور پھر بجٹ۔ سیکریٹری خزانہ اور اپنی ٹیم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم پچھلے ایک ہفتے سے سوئے نہیں۔ بی بی سی کے مطابق پریس کانفرنس شروع ہوئے ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد ڈار صاحب عجلت میں دکھائی دیے، ایسے میں وہاں موجود سوالات کرنے کے خواہشمند صحافی ایک دوسرے سے مائیک مانگتے رہے اور وزیر خزانہ کہہ رہے تھے کہ 'ہن مکاؤ وی' یعنی اب ختم کرو۔


گزشتہ سال کی پریس کانفرنس کے برعکس وزیرخزانہ نے اس بار برداشت کا مظاہرہ کیا اور سخت سوالات پربھی ہنس کر جوابات دینے کی کوشش کی۔ اس میں کوشش میں وہ کبھی کامیاب ہوئے اور کبھی برملا ناراضی کا اظہار بھی کربیٹھے۔ 'زرعی شعبے کو ملنے والی مراعات کا فائدہ بڑے زمینداروں کو ہوگا' کے متعلق سوال پر وزیر خزانہ نے کہاکہ بڑے زمینداروں کو کھاد خود کھانی نہیں، یہ زمین میں لگے گی اور سستی بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویل کا پانی نہانے کے کام نہیں آئے گا، بھائی! یہ فائدہ تو زمین کو ہوگا۔

ترقیاتی بجٹ کیلیے مختص رقم جاری نہ کرنے اور صرف پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کیلیے فنڈ جاری کرنے کے سوالات پر اسحاق ڈار نے صحافی سے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ آپ کس وزیر کی دی ہوئی معلومات پر یہ سوال کر رہے ہیں۔ ایک صحافی نے کہاکہ ڈار صاحب آپ دل کے مریض ہیں زیادہ دباؤ نہ لیں جس پر وزیر خزانہ نے کہاکہ میں دل کا مریض نہیں ہوں الحمد اللہ آپ سے زیادہ گھنٹے کام کرتا ہوں۔
Load Next Story