محمد علی کی تدفین میں دنیا بھر کے عوام کو شرکت کی اجازت

محمد علی کی تدفین جمعے کو ان کے کے آبائی علاقے لوئس ولے میں کی جائے گی


ویب ڈیسک June 05, 2016
محمد علی گزشتہ روز سانس کی تکلیف کے باعث 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ فوٹو: رائٹرز

صدی کے بہترین باکسر محمد علی کی وفات کے بعد دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اہل خانہ کی جانب سے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی تدفین میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیجنڈری باکسر کے خاندانی ترجمان باب گنیل کا کہنا ہے کہ محمد علی دنیا بھر کے شہری تھے اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ان کی تدفین میں شرکت کریں۔ محمد علی کے خاندانی ترجمان کے مطابق جمعرات کو خاندان کے افراد ان کی آخری رسومات ادا کریں گے جب کہ جمعہ کو سابق ورلڈ چیمپئن کے آبائی علاقے لوئس ولے میں ہونے والی تقریب میں تمام افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

محمد علی کی تدفین کے موقع پر سابق امریکی صدر بل کلنٹن انھیں خراج تحسین پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے محمد علی کے مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات وصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ لیجنڈری باکسر کے چاہنے والے ان کی رہائش گاہ کے باہر پھولوں کے گلدستے اور تعزیتی پیغامات جمع کراکے باکسر سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد علی گزشتہ روز سانس کی تکلیف کے باعث 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں