کراچی میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ایم کیو ایم کا وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا ختم

ریلی کو روکنے کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں جب کہ پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں موجود ہے


ویب ڈیسک June 05, 2016
ریلی میں فاروق ستار، وسیم اختر اور امین الحق سمیت کئی مرکزی رہنما بھی شریک ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا گیا جب کہ ایم کیو ایم رہنماؤں نے الٹی میٹم دیا کہ اگر پانی کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو رمضان المبارک کے بعد طویل المدت دھرنا دیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پانی نایاب ہوگیا اور کئی علاقوں میں تو مہینوں سے پانی کی فراہمی معطل ہے اورشہری مجبوراً مہنگے داموں واٹرٹینکر ڈلانے پر مجبور ہیں جس کے بعد شہر بھر میں ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے، شہر میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ایم کیوایم کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جسے روکنے کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر رکاوٹیں کھڑی کرکے واٹرکینن کوبھی الرٹ کردیا گیا جب کہ پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں موجود رہی۔

ایم کیوایم کی ریلی میں ڈاکٹرفاروق ستار، نامزد میئر کراچی وسیم اختراور امین الحق سمیت کئی مرکزی رہنما شریک تھے جب کہ پریس کلب سے ریلی نے وزیراعلی ہاؤس کی جانب مارچ شروع کیا تو مظاہرین کی بڑی تعداد رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے وزیراعلی ہاؤس کے سامنے پہنچ گئی اور وہیں دھرنا دے دیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ کو ہوش میں لانے کے لئے نکلے ہیں، آج صرف مظاہرہ کیا ہے رمضان کے بعد دھرنا دیں گے، وزیراعلی سید قائم علی شاہ ہمارے مظاہرے کو گھیراؤ کہہ رہے ہیں جن کا بیان ہمارے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، وزیراعلی سندھ نے اگر کراچی کو پانی دے دیا تو شہر خانہ جنگی سے بچ جائے گا، اگر پانی نہیں دو گے تو سود کے ساتھ پانی اور صوبہ بھی لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلزٹیکس کی مد میں کراچی 6 ارب روپے وفاق کو دیتا ہے جب کہ شہر قائد کو موجودہ حکومت نے کربلا بنا دیا ہے۔

ایم کیوایم کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرخواجہ اظہارالحسن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوشہرملک کوسب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے وہ پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہے جب کہ پانی کی چوری کے پیسے سے دہشت گرد کارروائیاں کی جارہی ہیں، امن کے ساتھ ساتھ شہرکی ترقی وزیراعلی کی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے دھرنے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ ضرور ہے جسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ایم کیو ایم شہر میں غلط روایات قائم کر رہی ہے اور اگر وہ آہی گئے ہیں تو ان سے تعمیری بات ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔