آزادکشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان پولنگ 21 جولائی کو ہوگی

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا۔


ویب ڈیسک June 06, 2016
آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق الیکشن 21 جولائی کو ہوں گے۔

آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 21 جولائی کو ہوں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کے اجرا کا عمل کل سے شروع ہوجائے گا جو 16 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی 27 جون تک واپس لئے جاسکیں گے اور 29 جون کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کردی جائیں گی۔

دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق عام ا نتخابات فوج کی نگرانی میں ہوں گے، خواتین کی انتخابی عمل میں شرکت یقینی بنائی جائے گی، ہرامیدوار 20 لاکھ روپے کے انتخابی اور پانچ لاکھ روپے کے ذاتی اخراجات کرسکے گا، وال چاکنگ اور اسلحہ لہرانے پر پابندی ہوگی جب کہ امیدواروں کی تشہیر کے لئے پینا فلیکس کا سائز چوبیس بارہ اور بروشر کا سائز چھ نو رکھنا لازم ہوگا۔

الیکشن میں گاڑیوں کا جلوس نکالنے پر پابندی ہو گی اور کوئی امیدوار سرکاری وسائل استعمال نہیں کرسکے گا، ترقیاتی منصوبہ جات کے اعلان پر پابندی ہوگی، وزیراعظم پاکستان، وزرا اور مشیران سرکاری جھنڈا لگا کر حلقوں میں نہیں جاسکیں گے، سرکاری وسائل استعمال کرنے والے افسران معطل کردیئے جائیں گے، الیکشن میں استعمال پر سرکاری گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق ہرامیدوارڈپٹی کمشنر یا مجسٹریٹ کی اجازت سے ایک جلسہ کرسکے گا، امیدواروں کو چار دیواری کے اندر کارنر میٹنگز کی اجازت ہوگی جب کہ پاکستان، نظریہ پاکستان اور فوج کے خلاف بیان بازی پر پابندی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار کو ایک سال قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں