سندھ کی تقسیم پاکستان کو توڑنے کے مترادف ہوگی قائم علی شاہ

ہماری نیت صاف ہے عوام ہم سے اچھی توقع رکھیں ہم شہر قائد کو بہتر سے بہترین بنائیں گے، قائم علی شاہ


ویب ڈیسک June 06, 2016
ہماری نیت صاف ہے عوام ہم سے اچھی توقع رکھیں ہم شہر قائد کو بہتر سے بہترین بنائیں گے، قائم علی شاہ : فوٹو : این این آئی

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پانی اوربجلی پر سیاست کرکے صوبے کو توڑنے کی باتیں کرتے ہیں حالانکہ سندھ کی تقسیم پاکستان کو توڑنے کے مترادف ہوگی۔

منوڑہ میں انڈر پاس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پانی اور بجلی کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں اور ان مسائل کو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر استعمال کرتے ہوئے صوبے کو توڑنے کی باتیں کرتے ہیں ہم اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں ۔ صوبہ سندھ کو توڑنا پاکستان کو توڑنے کے مترادف ہے سندھ کی وحدت کو کوئی چھو بھی نہیں سکتا اسی صوبے نے پاکستان بنانے میں سب سے پہلا قدم اٹھایا تھا۔ صوبہ توڑنے کی بات کرنے کی ضرورت نہیں تھی اس سے پہلے بھی لوگ زیادہ پیاسے رہے ہیں پانی اور بجلی کے مسائل پر جتنی تشویش دیگر سیاسی جماعتوں کو ہے اتنی تشویش ہمیں بھی ہے اور ہم ان مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے عوام ہم سے اچھی توقع رکھیں ہم شہر قائد کو بہتر سے بہترین بنائیں گے، کراچی میں پانی کی ضرورت کو پورا کریں گے ہم نے گزشتہ رمضان المبارک کی طرح پہلے سے زیادہ تعداد میں پانی کے ٹینکرز پہنچانے کا انتظام کر رکھا ہے اور جن علاقوں میں پانی کی قلت ہوگی انہیں 12 سو ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں