سلمان خان نے اولپمکس سفیر بننے پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

مجھے خیرسگالی کے سفیر کی بجائے ملک عزیز ہے اسی لیے میں اپنا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں، بالی ووڈ اسٹار

مجھے خیرسگالی کے سفیر کی بجائے ملک عزیز ہے اسی لیے میں اپنا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں، بالی ووڈ اسٹار ، فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ دبنگ سپر اسٹارسلمان خان نے ریو اولمپکس 2016 میں خیرسگالی کا سفیر مقرر کیے جانے پر تنقید کرنے والے سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کا شمار فلم نگری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جن کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے جب کہ گزشتہ دنوں بھارتی حکومت نے سلمان خان کوریو اولمپکس 2016 میں خیرسگالی کا سفیر بنایا تھا جس پرسیاستدانوں اور کھلاڑیوں نے بھرپور مخالفت کرتے ہوئے شدید تنقید کی تھی تاہم اب پہلی بار سلو میاں نے اس مسئلے پر لب کشائی کرتے ہوئے سیاستدانوں اور میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔


سلمان خان کا کہنا تھا کہ میرے بعد بھی کئی لوگ سفیر بنائے گئے ہیں جس میں سچن ٹنڈولکر اور موسیقار اے آر رحمن شامل ہیں لہٰذا اب میں میڈیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مجھے ہی کیوں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیوں نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اے آر رحمان کا تعلق بھی کھیلوں سے نہیں ہے تو کیا انہیں اسپورٹس مین کہلانے کے لیے کسی ریاست یا قومی ایوارڈ کی ضرورت ہے۔

بالی ووڈ اسٹار نے کہا کہ مجھے خیرسگالی کے سفیر کی بجائے ملک عزیز ہے اسی لیے میں اپنا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں لیکن ان سیاستدان کو بھی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنی ہوگی جن پر زیادتی سمیت مختلف مقدمات درج ہوئے اورکرپشن کے اسکینڈل منظرعام پر آئے لیکن وہ اب بھی سیاست کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم ''سلطان'' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ ایک پہلوان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
Load Next Story