اسٹیٹ بینک کل سے نئے نوٹوں کا اجرا شروع کرے گا

عوام ایس ایم ایس سروس کے ذریعے 116شہروں میں کمرشل بینکوں سے نوٹ لے سکیں گے۔


Business Reporter June 07, 2016
عوام ایس ایم ایس سروس کے ذریعے 116شہروں میں کمرشل بینکوں سے نوٹ لے سکیں گے۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: بینک دولت پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے لیے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس دوبارہ شروع کر دی ہے، نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں سے دستیاب ہوں گے جن کو ' ای برانچز ' کہا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جا سکیں گے، عوام کوکمرشل بینکوں کی نامزد 'ای برانچز' سے نئے نوٹوں کا اجرا بدھ2 رمضان سے شروع ہوگا اور 28 رمضان تک جاری رہے گا، رمضان2016 کے دوران ملک کے 116 شہروں میں 500 ' ای برانچز ' کے ذریعے یہ خدمت فراہم کی جائے گی، نامزد ' ای برانچز ' میں نئے بینک نوٹوں کا ضروری اسٹاک پہنچا دیا گیا ہے۔

ایس ایم ایس سروس کے چارجز 2 روپے جمع ٹیکس فی ایس ایم ایس ہوں گے، اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کو شارٹ کوڈ 8877پر ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا جس میں اسے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ 'ای برانچ ' کا کوڈ لکھنا ہوگا، مثال کے طور پر 3830305939875 (خالی جگہ) KHI005، نامزد ای برانچوں کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ اور کمرشل بینکوں کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، بھیجنے والے فرد کو جواب میں ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتا اور ریڈیمشن کوڈ کے موثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی، ریڈیمشن کوڈ زیادہ سے زیادہ 2 ایام کے لیے موثرہوگا۔

صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ/ اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ لے کر متعلقہ ای برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔ واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا فی کس کوٹا 10روپے کے 2 گڈی اور 20 روپے کا ایک پیکٹ ہے جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100 روپے کے نوٹوں کا بھی 1، 1 پیکٹ مل سکتا ہے۔

ایک شناختی کارڈ/اسمارٹ کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے، کسی مختلف موبائل فون نمبر سے وہی سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر، یا اسی موبائل فون نمبر سے کوئی اور سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر بھیجا گیا تو کوئی ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا بلکہ بھیجنے والے صارف کو اضافی لاگت ہی اٹھانی پڑے گی، عوام کو معلومات /شکایات کی صورت میں مدد دینے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی نے ہیلپ ڈیسک 111-008-877 قائم کی ہے جس سے نیشن وائڈ ڈائلنگ کوڈ برائے پنجاب 042،سندھ اور بلوچستان 021 اور خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلیے 051 کوڈ کے ذریعے رابطہ ممکن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں