شوگر مل مالکان ترقیاتی کاموں میں تعاون کریں ندیم الرحمن

پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے سے ہی خوشحالی آئیگی، آبادگاروں کے اجلاس سے خطاب

شوگر ملز کے فنڈز 45لاکھ کی لاگت سے قرب و جوار کی تمام ترقیاتی اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ فوٹو: فائل

ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمان میمن نے کہا ہے ضلع میر پور خاص میں ترقیاتی کاموں میں شوگر ملز مالکان تعاون کریں۔ ملز مالکان اور آبادگاروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ شوگر ملز کے قریب جوار کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کام ہونا خوش آئند بات ہے جس سے نہ صرف پسماندہ علاقوں میں خوشحالی آئیگی بلکہ عوام کو زندگی کی سہولتیں بھی میسر ہوسکیں گے ۔


انہوں نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر ورکس اینڈ سروسز شوکت میمن کو ہدایت کی کہ شوگر ملز کے فنڈز 45لاکھ کی لاگت سے قرب و جوار کی تمام ترقیاتی اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور جو بھی نئی اسکیمیں ہوں شوگر ملز مالکان کی مشاورت کے بعد ترقیاتی اسکیمیں شامل کی جائیں ۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر یار محمد خاصخیلی ، چودھری احسان الحق ، ایکسیئن ہائی ویزدادھو مل ، جنرل منیجر میر پور خاص شوگر ملز حیدر بخش رستمانی ، ڈگری شوگر ملز کے جنرل منیجر محمد اکرم ، اسسٹنٹ جنرل منیجر میر پور خاص شوگر ملز نظیر احمد شیخ و دیگر ممبران نے بھی شرکت کی ۔
Load Next Story