پریذیڈنٹ ٹرافی نیشنل بینک نے یو بی ایل کے گرد شکنجہ کس دیا

216 رنز کے خسارے میں جانے والی ٹیم 68 پر 3 وکٹیں کھو بیٹھی۔


Sports Desk November 22, 2012
اسٹیٹ بینک نے واپڈا کیخلاف برتری پانے کا موقع کھودیا، پورٹ قاسم کے اعظم کی 7 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی میں نیشنل بینک نے یوبی ایل کے گرد شکنجہ کس دیا۔

216 رنز کے خسارے میں جانے والی ٹیم 68 پر 3 وکٹیں کھوبیٹھی، این بی پی کے لیے ناصر جمشید کے 123رنز نمایاں رہے، اسٹیٹ بینک نے واپڈا کیخلاف برتری پانے کا سنہری موقع کھودیا، حریف ٹیم کو 202 پر ٹھکانے والی بینک کی ٹیم جوابی اننگز میں 66.3 اوورز میں 156 پر ہمت ہارگئی،اعظم حسین کی 7وکٹوں کی پرفارمنس کے باوجود زرعی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم کیخلاف 365 کا مجموعہ ترتیب دے دیا،217رنزکے خسارے سے دوچار پورٹ قاسم نے 3وکٹ پر 104رنز جوڑ لیے،سوئی ناردرن کے 232رنز کے جواب میں حبیب بینک نے 4وکٹ پر239رنز اسکور بورڈ پر سجا دیے۔

عمران فرحت ، احمد شہزاد اوراظہرعلی نے نصف سنچریاں بنائیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کے آٹھویں رائونڈ کے دوسرے دن پنڈی اسٹیڈیم میں نیشنل بینک نے پہلی اننگز 9وکٹ 317 رنز پر ڈیکلیئرڈکی، ناصر جمشید123رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بلال منیر59اور فواد عالم 47رنز بناکرمیدان بدر ہوئے، کاشف بھٹی نے 3 جبکہ رومان رئیس اور شبیراحمد نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔پہلی اننگز میں 101 پر ہتھیار ڈال دینے والی ٹیم یوبی ایل کو 216رنز کے خسارے کا سامنا رہا۔

دوسری باری میں بھی 68 پر تین وکٹیں گرچکیں، اننگز کی خفت ٹالنے کیلیے اسے اب بھی مزید148رنز درکار ہیں،عابد علی نے 34رنز بنائے، وہاب نے 20رنز دے کر2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں واپڈاکو 202 پر ٹھکانے والی اسٹیٹ بینک کی ٹیم جوابی اننگز میں 66.3 اوورز میں 156 پر ہمت ہارگئی، عدنان رئیس نے39 جبکہ کاشف صدیقی اور محمد سعد نے35،35 رنزکی اننگز کھیلیں، جنید خان نے54 رنزدیکر4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،اظہرعطاری اور ذوالفقار بابر نے2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔46رنز کی سبقت پانے والی واپڈا کی ٹیم نے دن کے اختتام تک2 وکٹ پر31رنز بناکر مجموعی برتری کو77 تک پہنچا دیا۔

مرغزار گرائونڈ، اسلام آباد میں اعظم حسین کی 7وکٹوں کی پرفارمنس کے باوجود زرعی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم کیخلاف 365 کا مجموعہ ترتیب دے دیا، عمران نذیر نے74اور بابراعظم نے 71 کی اننگز کھیلیں، شرجیل خان46،سہیل تنویر43 اور آفاق رحیم40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اعظم حسین نے 99رنز کے عوض7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 217رنزکے خسارے سے دوچار پورٹ قاسم نے 3وکٹ پر 104رنز جوڑ لیے، دانیال احسن31 اور عمرامین30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اوپنر خرم منظور23رنز بناکر آئوٹ ہوئے، سہیل تنویر نے 2وکٹیں لیں۔

اسلام آبادمیں سوئی ناردرن کے 232رنز کے جواب میں حبیب بینک نے 4وکٹ پر 239رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، عمران فرحت 70رنز بناکر نمایاں رہے، احمد شہزاد 65 پر ناٹ آئوٹ ہیں، اظہرعلی56رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، یونس خان 18رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں