سندھ گیمز کے میزبان وینیوز کی حالت انتہائی خراب

مقابلوں کے آغاز میں صرف 10 روز باقی، تزئین و آرائش کا کام شروع نہیں کیا جاسکا۔


Furqan Rajput November 22, 2012
مقابلوں کے آغاز میں صرف 10 روز باقی، تزئین و آرائش کا کام شروع نہیں کیا جاسکا۔ فوٹو : ایکسپریس/ فائل

16 ویں سندھ گیمز کے 2 سے 4 دسمبر تک حیدرآباد میں انعقاد کا اعلان تو ہوگیا لیکن وینیوز کی حالت انتہائی خراب ہے، مقابلوں کے آغاز میں صرف 10 روز باقی رہ جانے کے باوجود تزئین و آرائش کا کام شروع نہیں کیا جا سکا جس سے سندھ گیمز کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ گیمز صوبائی سطح پر منعقدکیے جانیوالے کھیلو ں کے سب سے بڑے مقابلے کہلائے جاتے ہیں، اس میں صوبے کے5 ریجنز کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ بھر سے تقریباً 2ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی وآفیشلز شرکت کرتے ہیں،کامیاب انعقادکے لیے تقریباً ایک ماہ قبل وینیوز کی تزئین و آرائش، کھلاڑیوں کی رہائشی سہولیات سمیت مختلف تیاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے، مقابلوں کے انعقاد کی تاریخوں کے ساتھ شرکت کرنے والے پانچوں ریجنز کے چیف ڈی مشن کے نام اور کھیلوں کے وینیوزکا بھی اعلان کر دیا گیا ہے،افتتاحی اور اختتامی تقاریب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

سندھ گیمز میں شامل مختلف کھیلوں ایتھلیٹکس ، فٹبال، اسکواش، باکسنگ، سائیکلنگ ، شطرنج، باڈی بلڈنگ، ہینڈ بال، نیٹ بال ، ٹگ آف وار اور ٹینس سمیت دیگر مقابلے پبلک اسکول، بورڈ اسٹیڈیم، برکت بھائی ٹیبل ٹینس ہال، ہاکی آسٹرو ٹرف گراؤنڈ سمیت دیگر وینیوز پر ہوں گے لیکن بیشتر وینیوز کی حالت انتہائی خراب ہے، نیاز اسٹیڈیم میں شائقین کے انکلوژرز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، بورڈ اسٹیڈیم اور پبلک اسکول کے گراؤنڈز بھی زبوں حال اور دونوں گراؤنڈز میں لمبی گھاس کے ساتھ سیوریج کا گندہ پانی بھی جمع ہے،ہاکی کا آسٹروٹرف گراؤنڈ بھی لیول نہیں۔

گیمز کے انعقاد میں صرف 10 دن باقی رہ گئے،درمیان میں محرم الحرام کی چھٹیاں بھی آ رہی ہیں لیکن تا حال ان مقامات پر تزئین و آرائش اور مرمت کا کام ہی نہیں شروع ہو سکا،اسی طرح گیمز میں شرکت کے لیے آنے والے چار ریجنزکے کھلاڑیو ں اور آفیشلز کی رہائش کو بھی حتمی شکل نہیں دی جا سکی ہے،اس صورتحال پر کھیلوںکی ضلعی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور نمائندوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں