پاک بھارت ہاکی سیریز کے جلد انعقاد کا امکان ہے قاسم ضیا

قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، صدر پی ایچ ایف


APP November 22, 2012
قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، صدر پی ایچ ایف فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا کے مطابق پاک بھارت ہاکی سیریز کے جلد انعقاد کا امکان ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کے ساتھ مقابلوں کیلیے جامع مذاکرات ہو رہے ہیں اور جلد ہی مثبت نتائج سامنے آئیں گے،سابق اولمپیئن نے مزید کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، قومی کھیل کو دوبارہ عروج کی جانب گامزن کرنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، فتح اور شکست دونوں صورت میں کریڈٹ اور ذمہ داری ٹیم مینجمنٹ کی ہی ہوگی۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ قومی ٹیم کو سنہرے دور کی جانب لے جانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں،فیڈریشن تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور میں پُرامید ہوں کہ جلد پاکستانی ٹیم فتوحات کی راہ پر چل پڑے گی، انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے لگائے گئے کیمپ میں ماضی قریب میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں کی فٹنس پر توجہ دی گئی،کافی حد تک بہتری بھی دیکھنے میں آئی ہے، قاسم ضیا نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں دنیائے ہاکی کی بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف سبقت لے جانے کیلیے میدان میں اتریں گی۔

امید ہے کہ گرین شرٹس بھی مایوس نہیں کریں گے، سلیکشن کمیٹی کے خاتمے کے بعد ٹیم مینجمنٹ پر ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، باصلاحیت کھلاڑیوںکو بہترین ٹریننگ کے ذریعے آگے لاتے ہوئے قومی کھیل کیلیے کارآمد بنانا ہو گا، ہاکی اکیڈمیز بہترین پلیٹ فارم ہیں اور ان سے اچھے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔