پاسپورٹ میں جعلسازی کرنیوالااسپیشل برانچ انسپکٹر اہلیہ سمیت گرفتار

ملزم اپنی اہلیہ اوردوبچوں کے ہمراہ اٹلی جارہا تھا، پاسپورٹس میں صفحے تبدیل کر دیے تھے


Adil Jawad November 22, 2012
پاسپورٹوں پرآسٹریلوی ویزامستردکیے جانے کی مہر ثبت ہونے کے باعث صفحات بدلے، ملزم۔ فوٹو: فائل

RAJANPUR/ MULTAN: پاسپورٹ میں جعل سازی کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والااسپیشل برانچ کے انسپکٹراوراہلیہ کو کراچی ایئرپورٹ سے حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔

ملزم اپنی اہلیہ اور 2بچوں کے ہمراہ اٹلی جارہا تھا۔ بلوچستان پولیس میں تعینات اسپیشل برانچ کے انسپکٹر قربان علی کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اٹلی کے دارالحکومت روم جارہا تھا، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے انسپکٹر ذوالفقار خان نے جب قربان علی، اس کی اہلیہ اور دو بچوں کے پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کی تو انکشاف ہوا کہ تمام پاسپورٹس میں جعل سازی کرکے صفحے تبدیل کیے گئے ہیں۔

قربان علی اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر حراست میں لے کر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کردیاگیا جہاں سب انسپکٹر علائوالدین کاکڑ کودوران تفتیش قربان علی نے بتایا اس نے چند ماہ قبل اپنے اہل خانہ کے ہمراہ آسٹریلیا کے ویزے کیلیے درخواست دی تھی جومستردکردی گئی تھی۔

بعد ازاں اس نے اٹلی اور ترکی کے ویزے کیلیے درخواست دینا چاہی تواسے خدشہ تھا کہ پاسپورٹوں پر آسٹریلوی ویزا مستردکیے جانے کی مہرکی وجہ سے اطالوی سفارتخانہ بھی اس کا ویزا مسترد نہ کردے تو اس نے اہلیہ،دونوں بچوں اور اپنے پاسپورٹ کے صفحات تبدیل کرکے اطالوی ویزے کی درخواست دے دی جس پرانھیں ویزا مل گیا جس کے بعد اس نے ترکی کا ویزا بھی حاصل کیا،قربان علی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وہ اہل خانہ کے ہمراہ ایک دو مرتبہ بیرون ملک جانا چاہتا تھا تاکہ واپسی پراسے اوراہل خانہ کومغربی ملک کی امیگریشن مل سکے،ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ کے سب انسپکٹر علائوالدین کاکڑ نے تفتیش شروع کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں