کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا شیڈول ایک بار پھر جاری

6 ڈی ایم سیز، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کے سربراہوں کی حلف برداری 4 جولائی کوہوگی


ویب ڈیسک June 09, 2016
ایم کیو ایم کے نامزد مئیر وسیم اختر کو بھاری اکثریت حاصل ہے اوران کی کامیابی یقینی ہے:فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن نے شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا شیڈول ایک بار پھر جاری کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی کے مئیر، ڈپٹی مئیر، چئیرمین اوروائس چئیرمین کے انتخاب کے تیسرے مرحلے کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 15 اور 16 جون کو جمع کرا سکیں گے، نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال 17 اور18 جون کو کی جائے گی۔ کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 20 جون کو دائرہوسکیں گی جب کہ ان اپیلوں پر21 جون کو فیصلے سنائیں گے۔ امیدواراپنے کاغذات نامزدگی 22 جون کو واپس لے سکیں گے جبکہ اسی روزحتمی فہرست اورانتخابی نشانات بھی الاٹ کردیئے جائیں گے۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے پر 29 جون کو6 ڈی ایم سیز، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کے سربراہ منتخب کئے جائیں گے، بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا سرکاری اورحتمی اعلان 30 جون کو کیا جائے گا۔ کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن 2 جولائی کو جاری کئے جائیں گے جب کہ مئیر وڈپٹی مئیراورچئیرمین ووائس چئیرمین 4 جولائی کو حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ 5 دسمبر کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم نے واضح کامیابی حاصل کی تھی۔ شہر کے 6 میں 4 اضلاع میں ایم کیو ایم کے امیدوروں کی کامیابی یقینی ہے تاہم ملیرمیں پیپلزپارٹی نے اپنی برتری برقراررکھی ہے جب کہ ضلع جنوبی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں بھرپور مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں