دورہ انگلینڈ یونس ذاتی اہداف سیٹ کرنے سے گریزاں

10ہزارٹیسٹ رنزکا سوچ کرخود پرغیرضروری دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا، اسٹار بلے باز


Sports Desk June 10, 2016
10ہزارٹیسٹ رنزکا سوچ کرخود پرغیرضروری دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا، اسٹار بلے باز۔ فوٹو: فائل

اسٹار بیٹسمین یونس خان دورہ انگلینڈ کیلیے ذاتی اہداف سیٹ کرنے سے گریزاں ہیں، 10 ہزار ٹیسٹ رنز کی تکمیل ان کے سرپر سوار نہیں۔

تفصیلات کے مطابق یونس خان کوپاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 9116 رنز بنانے کا اعزاز ہے، وہ دس ہزار رنزمکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بننے سے تھوڑے فاصلے پر ہیں تاہم انھوں نے اصرار کیاکہ وہ اس ذاتی ریکارڈ کے بارے میں بالکل نہیں سوچ رہے۔ یونس خان نے ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت میں کہا کہ میں ہر وقت بڑے اہداف کے بارے میں نہیں سوچتا رہتا، نہ ہی میں اپنے لیے ہدف مقرر کرتا ہوں، میں خود پر اضافی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا، میں حالیہ کچھ برسوں میں کم سے کم توقعات کے ساتھ کرکٹ جاری رکھے ہوئے ہوں۔

دس ہزار ٹیسٹ رنز کی تکمیل سے متعلق یونس خان نے کہاکہ میں اس سنگ میل کے بارے میں نہیں سوچتا، میں صرف اپنے کھیل سے مخلص اور اسی انداز میں کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہوں، کون جانتا ہے کہ میں کب تک کرکٹ جاری رکھوں گا۔بوٹ اور اسکلز کیمپ کے حوالے سے یونس خان نے کہا کہ کاکول میں نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ حاصل کرنے کا موقع ملا، انھوں نے اپنے لیے مقرر کردہ فٹنس کے اہداف حاصل کرنے کیلیے سخت محنت کی، اسکلز کیمپ بھی کافی اچھا رہا، گراؤنڈ اسٹاف نے انگلینڈ جیسی کنڈیشنز مہیا کرنے کیلیے سخت محنت کی جبکہ ٹریننگ میںہم نے ڈیوک بال بھی استعمال کی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کو اچھی طرح معلوم ہے کہ دورئہ انگلینڈ ان سمیت تمام بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کے لیے آزمائش ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی انگلینڈ میں اپنی ایک تاریخ ہے، اس سے آپ پر اضافی دباؤ بھی پڑتا مگر تحریک بھی ملتی ہے۔ یونس خود تو 2010 کے فکسنگ سے آلودہ ٹور کا حصہ نہیں تھے مگر انھیں اظہر علی اور اسد شفیق سے کافی امید ہے کہ جنھوں نے اپنا کیریئر اس ٹور میں شروع کیا، انھوں نے کہا کہ اظہر نے ٹیسٹ اور اسد نے ون ڈے ڈیبیو انگلش ٹور میں کیا، دونوں ہی دباؤ سے نمٹنا جانتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں