بالی وڈ اسٹارزکرتے ہیں اعتراف اوراپنی کمزورویوں کا انکشاف

میرے تما تر احساسات اور محبت ان کی ہونے والی شریک حیات ہی کے لیے ہیں، سلمان خان


نرگس ارشد رضا June 12, 2016
میرے تما تر احساسات اور محبت ان کی ہونے والی شریک حیات ہی کے لیے ہیں، سلمان خان:فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ہرانسان کی زندگی میں کچھ پہلو ایسے ہوتے ہیں جنہیں وہ دوسروں سے تو کیا شاید اپنے آپ سے بھی مخفی رکھنا چاہتا ہے، کیوںکہ یہ راز یا کم زوریاں اسے اوروں کے سامنے کم زور کردیتے ہیں۔ بہت سے لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنے راز یا اعترافات اپنے سے جُڑے نہایت قریبی دوست کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، تاکہ اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرسکیں، لیکن کچھ اپنے اندر اتنی مضبوطی رکھتے ہیں کہ اپنے حوالے سے کبھی کسی معاملے میں زبان نہیں کھولتے۔

ایسا ہی کچھ بولی وڈ اسٹارز کے ساتھ بھی ہے۔ ظاہر ہے کہ اسٹار ہونے سے پہلے وہ ایک عام انسان ہی ہیں جن کی کم زوریاں اور خامیاں بھی ہوتی ہیں جنہیں وہ عوام کے سامنے لانا پسند نہیں کرتے، لیکن اب انڈسٹری کے چند بڑے فن کاروں نے اپنی زندگی کے اس کمزور پہلو سے پردہ اٹھا یا ہے اور اپنی کم زوریوں یا خامیوں کا برملا اعتراف کیا ہے۔

٭سلمان خان اپنے دبنگ اسٹائل کی وجہ سے آج کل خاصے ہٹ جارہے ہیں اور کیریر کے لحاظ سے بھی ان کا ستارہ عروج پر ہے۔ یوں تو وہ اپنے بارے میں کھلے عام بات کرنا پسند نہیں کرتے لیکن ''کافی ودھ کرن'' کے ایک شو میں انہوں نے کرن جوہر کے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ ان کے جذبات اور احساسات میں کسی کا دخل نہیں اور نہ انہوں نے کسی سے پیار کیا ہے۔ ان کے تما تر احساسات اور محبت ان کی ہونے والی شریک حیات ہی کے لیے ہیں۔

٭بولی وڈ کنگ خان، شاہ رخ خان ا س بات کا بر ملا اعتراف کرتے ہیں کہ انہیں دوست بنانا نہیں آتا۔ اس بارے میں شاہ رخ کا کہنا ہے کہ دوست کیسے بنتے ہیں دوستی کس طرح قائم رکھی جاتی ہے، محبت کا جواب کیسے دیا جاتا ہے؟ میں ان باتوں سے بالکل ناآشنا ہوں۔ یہاں تک کہ جولوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں میں آج تک اپنے احساسات ان تک شیئر نہیں کرپاتا۔ نہ اپنے کسی مداح کی محبت کا جواب دے سکتا ہوں، کیوںکہ مجھے یہ سب کرنا نہیں آتا۔

٭عامر خان آج کل اپنی آنے والی فلم دنگل کی شوٹنگز میں مصروف ہیں۔ اس فلم میں وہ ایک ریسلر کا رول کر رہے ہیں، جس کے لیے انہوں نے آدھی فلم میں وزن بڑھایا اور باقی فلم میں وزن کم کیا ہے۔ اپنی اس فلم کے حوالے سے وہ بہت پرجوش ہیں۔ عامر نے کچھ عرصے قبل ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ کہ شاہ رخ روز میرے پیر چاٹتا ہے اور میں اسے اپنے ہاتھوں سے بسکٹ کھلاتا اور دودھ پلاتا ہوں۔ اس پوسٹ پر بڑی ہاہا کار مچی تھی، جس پر بعد میں عامر نے اعتراف کیا کہ ایسا انہوں نے اپنے کتے کے لیے کہا تھا جس کا نام شاہ رخ ہے۔ عامر کی اس بات پر شاہ رخ نے ردعمل کے طور جواب دیا تھا کہ عامر نے یہ بیان دے کر اپنے دو ننھے پرستاروں، جو کہ ان (شاہ رخ) کے بچے ہیں، کو کھو دیا ہے۔

٭ریتھک روشن انڈیا کے یونانی دیوتا کہلانے والے اداکار ریتھک روشن نے فرح خان کے ایک ٹی وی شو تیرے میرے بیچ میں اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ بچپن میں ہکلا کر بولتے تھے اور یہ ہکلا پن ان کے لیے ناقابل برداشت ہوتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کم گو اور شرمیلا بچہ تھا اور میری اس خامی نے مجھے مزید کم گو اور گو شہ نشیں کردیا تھا، لیکن ایک لمبی مدت کے علاج کے بعد میں نے اس پر قابو پالیا۔

٭شاہدکپور کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ڈائریکٹر مجھے گائے یا بھینس کے ساتھ کوئی شاٹ کرنے کو کہے گا تو میں انہیں بلاجھجک منع کردوں گا، کیوںکہ مجھے ان دونوں جانوروں سے خوف محسوس ہوتا ہے۔

٭رنبیر کپور، جو فلموں سے زیادہ اپنی ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ فلرٹ کرنے میں شہرت رکھتے ہیں، نے کافی ودھ کرن کے ایک شو میں اس بات کا بر ملا اعتراف کیا کہ کترینہ کو پانے کے لیے انہوں نے دیپکا کو دھوکا دیا۔ انہوں نے کہا،''حالاںکہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، لیکن میں کیا کرتا۔ مجھے اس سے اپنا تعلق ختم کرنا تھا۔ اس لیے میں نے یہ قدم اٹھا یا۔''

٭ نٹ کھٹ اور شرارتی نظر آنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ نے بہت کم عمری میں انڈسٹری میں اپنی پہچان بنالی ہے۔ وہ خاصی بڑ بولی اور منہ پھٹ سمجھی جاتی ہیں اور ہر بات کا بر ملا اظہار کردیتی ہیں۔ اس لیے ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے بارے میں عام لوگ سب ہی کچھ جانتے ہیں، لیکن خود عالیہ نے اپنی کم زوری سے پردہ اٹھایا کہ انہیں اندھیرے سے ڈر لگتا ہے۔ اس لیے وہ رات کے وقت بھی تما م لائٹس آن کرکے سوتی ہیں۔ نہ صرف یہ بل کہ انہیں اُڑنے یعنی ہوائی سفر سے بھی خوف محسوس ہوتا ہے۔ اس لیے وہ کم سے کم سفر کرتی ہیں۔

٭ودیا بالن کو ایک میچور اور سلجھی ہوئی اداکارہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں اب تک جتنا کام کیا یادگار کیا اور ان کی کام یابی اسی میں پوشیدہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے لیے مشکل کرداروں کا انتخاب کیا۔ وہ روایتی رول کے چکروں میں پڑنے کے بجائے مختلف طریقوں سے اپنا کام کرتی گئیں۔ یہی وجہ ہے کہ مشکل کردار کے لیے فلم ساز کا پہلا انتخاب ودیا ہی ہوتی ہیں۔ ودیا نے سوشل میڈیا کی ایک ویب سائٹس پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ میں اس بات کا اعتراف کرتی ہوں کہ اپنا نیا اور ذاتی گھر خریدنے کے لیے مجھے رشوت دینا پڑی تھی۔

٭اداکار گووندا، جن کے ڈانس کے انداز نے ہر ایک کو دیوانہ بنا رکھا تھا۔ اَسّی کی دہائی میں وہ فلموں پر چھائے ہوئے تھے۔ تب بھی اور اب جب ان کے بچے بڑے ہوکر خود فلم انڈسٹری میں داخل ہو چکے ہیں، گووندا فلرٹ کرنے سے باز نہیں آتے۔ اس بات کا وہ خود بھی اعتراف کرتے ہیں کہ ان کے کئی لڑکیوں سے مراسم تھے اور میں اس سے زیادہ اس پر بات نہیں کرسکتا، کیوںکہ کچھ تو راز رہنا چاہیے۔

٭بولی وڈ کی شان دار اور حسین اداکارہ کرینہ کپور، جو آن اور آف اسکرین ہر طرح کے لباس میں پُرکشش لگتی ہیں، اپنی جینز کے بارے میں بے حد حساسیت کا شکار رہتی ہیں۔ کرینہ اس بات کا اعتراف کرتی ہیں کہ انہیں جینز پہننا پسند ہے، لیکن میلی جینز اس سے بھی زیادہ پسند ہے۔ اس لیے وہ کئی کئی ماہ تک اپنی جینز نہیں دھلواتیں اور اسے بغیر دھوئے ہی استعمال کرتی ہیں۔ نہ صرف یہ بل کہ میلی جینز میں سفر بھی انھیں آرام دہ معلوم ہوتا ہے۔

٭ٹی وی ادا کار علی مرچنٹ نے بگ باس سیریز میں شامل ہوتے ہوئے اپنی ساتھی اداکارہ اور بگ باس کی کولیگ اداکارہ سارہ خان سے شو کے دوران ہی شادی کرلی تھی۔ بعدازاں بہت جلد ہی یہ شادی ٹوٹ گئی اور ان کی علیحدگی ہوگئی۔ اس بارے میں علی مرچنٹ نے کہا کہ مجھے یہ اعتراف کرنے میں کوئی جھجھک نہیں کہ سارہ سے شادی میں نے محض شہرت حاصل کرنے کے لیے کی تھی۔

٭ارجن کپور نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تین سال پہلے ان کے سلمان کی بہن ارپیتا سے تعلقات تھے اور وہ ان سے شادی کی حد تک سنجیدہ بھی تھے، لیکن تین سال کے افیئر کے بعد ارپیتا نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا، جس کا انہیں بے حد دکھ ہوا۔

٭دیپکا پاڈوکون اس وقت بولی وڈ کی نمبر ون ایکٹرس مانی جارہی ہیں۔ وہ بولی وڈ کے ساتھ وہ ہالی وڈ میں بھی میگا پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی کم زوری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے مجھے ڈپریشن کا شدید اٹیک ہو ا ہے مجھے اکیلے رہنے سے خوف آنے لگا ہے۔ میں اپنے ارد گرد لوگوں کی موجودگی سے خوشی محسوس کرتی ہوں۔

٭پریانکا چوپڑہ بھی ہولی وڈ میں اپنے قدم جما رہی ہیں۔ اس خوب رو اور پُرکشش اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں اپنے والد کو بہت یاد کرتی ہوں۔ زندگی کے ہر مقام اور ملنے والی ہر کام یابی مجھے ان کی کمی کا شدید احساس دلاتی ہے۔ مجھے یہ بات ماننے میں کوئی جھجک نہیں کہ میں زندگی میں خود کو تنہا محسوس کرتی ہوں۔

٭رانی مکھرجی کا شمار ان ایکٹرسز میں کیا جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ معیاری کام کیا اور اپنے کام ہی کی وجہ سے وہ اپنی الگ پہچان رکھتی ہیں۔ وہ شادی کے بعد فلمی دنیا کو خیر باد کہہ چکی ہیں لیکن ان کے پرستار اب بھی انہیں پردۂ سیمیں پر دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ رانی نے اپنی کم زوری کا اعتراف کیا کہ انہیں سمند ر سے خوف محسوس ہوتا ہے، اس لیے وہ وہ وہاں جانا بالکل پسند نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سمندر پر جاکر مجھے یوں لگتا ہے کہ جیسے سمندر کا پانی مجھے اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔ اس لیے میں اس سے دور ہی رہتی ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں