سندھ بجٹ میں تعمیراتی شعبے کوصنعت قراردینے کا مطالبہ

6 تا17 فیصدسیلزٹیکس ختم،نئے بلڈنگ بائی لاز متعارف کرائے جائیں، آصف سم سم


Ehtisham Mufti June 11, 2016
صوبائی ہاؤسنگ پالیسی متعارف،انفرااسٹرکچرل تعاون فراہم کیاجائے،ریجنل چیئرمین آباد فوٹو: فائل

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) نے سندھ کے بجٹ 2016-17 میں تعمیراتی شعبے کوخدمات کے بجائے صنعت کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس شعبے پرعائد6 تا17 فیصد ایس آربی سیلزٹیکس ختم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

آباد کے ریجنل چیئرمین محمدآصف سم سم نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں کنسٹرکشن کوصنعت کا درجہ حاصل ہے لیکن سندھ ریونیو بورڈ نے اسے خدمات کے شعبے میں شامل کرکے نوٹسز جاری کردیے تھے اور آباد کے واضح موقف سے آگاہ ہونے کے بجائے بلڈرزاینڈ ڈیولپرز کے بینک کھاتے بھی منجمد کردیے گئے جس کے خلاف مجبوراً عدالت سے حکم امتناع حاصل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت تعمیراتی شعبے کے ساتھ بہترین روابط رکھنے کے لیے سندھ کے نئے بجٹ میں تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دینے اوراس شعبے پر سروسز سیلزٹیکس واپس لینے کا اعلان کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت سندھ اگر آباد کوانفرااسٹرکچرل تعاون فراہم کرے تو آباد لوکاسٹ ہاؤسنگ کے منصوبوں کومرکزی حیثیت دیتے ہوئے کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹنڈوآدم، ٹھٹھہ، سانگھڑاور نوابشاہ کو میگا سٹی میں تبدیل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

سندھ بجٹ میں بھی حکومت کوصوبے کی سطح پرہاؤسنگ پالیسی متعارف کرانے کی ضرورت ہے کیونکہ صوبائی ہاؤسنگ پالیسی متعارف ہونے کے نتیجے میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ 70 سے زائد ذیلی صنعتی شعبوں کے پہیہ چلنے کی رفتار تیز، لاکھوں غیرہنرمندوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ کاروباری حجم وسیع ہونے سے صوبائی ریونیو کے حجم میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ آصف سم سم نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ صوبے میں لوکاسٹ ہاؤسنگ اورمیگاسٹی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سال2002 کے بلڈنگ بائی لازکو تبدیل کرتے ہوئے جدید تقاضوں میں ڈھالنا ہوگا اورسال2016 کے نئے بلڈنگ بائی لاز متعارف کرانا ہوں گے، صوبے میں سستی رہائش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کونئے بلڈنگ بائی لازمیں زمینوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کنسٹرکشن تناسب کوبڑھانا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں