سندھ حکومت کا بجٹ میں کراچی کیلیے 10 ارب کے خصوصی پیکیج کا اعلان

شاہین کمپلیکس کے پاس 800 ملین روپے کی لاگت سے شہید بے نظیر بھٹو فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔


ویب ڈیسک June 11, 2016
شاہین کمپلیکس کے پاس 800 ملین روپے کی لاگت سے شہید بے نظیر بھٹو فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ فوٹو؛ فائل

سندھ کے نئے مالی سال کے بجٹ میں کراچی کے لیے 50.3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں 10 ارب کا خصوصی پیکیج بھی شامل ہے۔

سندھ کے نئے مالی سال کا بجٹ صوبائی وزیرخزانہ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جس میں کراچی کے لیے 10 ارب روپے کا خصوصی پیکچ رکھا گیا ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کراچی کے بڑے منصوبوں کے لیے خصوصی پیکیج کے تحت 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں جب کہ پانی کے منصوبے کے فور کے لیے 6 ارب روپے مختص کیے ہیں، اس کے علاوہ سڑکوں کی مرمت کے لئے 4 ارب روپے مختص کیے گئے۔

حكومت نے اگلے مالی سال كے بجٹ میں كراچی میں پانی كا بحران دور كرنے كیلئے 2 اہم منصوبوں كیلئے خطیر رقم مختص كی ہے، فراہمی آب كے عظیم تر منصوبے کے فور كیلئے 6 ارب روپے مختص كیے گئے ہیں، منصوبے پر 25.5 ارب روپے لاگت آئے گی جس كیلئے وفاقی وصوبائی حكومت مساوی 50 فیصد فنڈز فراہم كررہے ہیں، منصوبے كے تحت كراچی میں 265 ملین گیلن پانی كی فراہمی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حكومت نے فراہمی آب كے دوسرے منصوبے 65 ملین گیلن كی تعمیر كیلئے 6 ارب 25 كروڑ روپے مختص کیے ہیں، شہر میں سیوریج مسائل حل كرنے كیلئے نكاسی آب كے عظیم تر منصوبے ایس تھری کے لیے ایك ارب روپے مختص كیے ہیں، کراچی میں پبلك ٹرانسپورٹ كی قلت كے پیش نظر بس ریپیڈ ٹرانزٹ سسٹم كی 2 راہداریوں كیلئے فنڈز مختص كیے ہیں، اورنج لائن كی تعمیر كیلئے 1843 ملین روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے، یہ منصوبہ بورڈ آفس چورنگی سے اورنگی ٹائون آفس تك تعمیر كیا جائے گا۔

وزیرخزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال كے بجٹ كے تحت كراچی میں شاہین كمپلیكس كے پاس شہید بے نظیر بھٹو فلائی اوور كی تعمیر كی جائے گی جس كیلئے 800 ملین روپے مختص كیے گئے ہیں، یونیورسٹی روڈ كی تعمیر نو كیلئے 1500 ملین روپے مختص كیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ حسن اسكوائر سے نیپا تك 770ملین روپے میں تعمیر كی جائے گی جب كہ دوسرے مرحلے میں این ای ڈی یونیورسٹی سے صفورا چوك تك 780 ملین روپے میں تعمیر ہوگی۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ضلع شرقی میں شہید ملت روڈ سے شاہراہ قائدین تك طارق روڈ كی تعمیر نو كیلئے 550 ملین روپے، موسمیات روڈ كی تعمیر كیلئے 200 ملین روپے، حب ریورروڈ كی تعمیر كیلئے 500 ملین روپے، سرجانی سے مدینتہ الحكمت سڑك كی تعمیر كیلئے 750 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ میں ریجنٹ پلازہ شاہراہ فیصل كے پاس 525 ملین روپے كی رقم سے انڈر پاس كی تعمیر، ناتھا خان پل كے پاس 141ملین روپے كی رقم سے یوٹرن كی تعمیر، اسٹارگیٹ شاہراہ فیصل كے پاس انڈر پاس كی تعمیر كیلئے 500 ملین روپے، میٹروپول سے اسٹار گیٹ تك شاہراہ فیصل كے دونوں اطراف كشادگی كیلئے 850 ملین روپے، بلوچ كالونی فلائی اوور كی مرمت كیلئے 120 ملین روپے، ڈرگ كالونی فلائی اوور كی تعمیر ومرمت كیلئے 505 ملین روپے، این 5 كراچی كے پاس فلائی اوور كی تعمیر كیلئے 600 ملین روپے، سب میرین چورنگی كے پاس انڈر پاس كی تعمیر كیلئے 500 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔