نواز شریف کے احتساب کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے عمران خان

ٹی آر اوز نہ بنے تو 10 فیصد عوام کو سڑکوں پر لاکر دکھائیں گے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک June 11, 2016
ٹی آر اوز نہ بنے تو 10 فیصد عوام کو سڑکوں پر لاکر دکھائیں گے، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

QUETTA: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ احتساب نہ ہو لیکن ہم نوازشریف کے احتساب کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔



لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے کسی چیز کا خوف نہیں اس لیے خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں، نوازشریف کے احتساب والے ٹی او آرز پر میرا بھی احتساب کرلیا جائے لیکن شریف فیملی ٹی او آرز سے ڈری ہوئی ہے، وزیراعظم بتائیں انہیں اس میں کس چیز کا خوف ہے، حکومت کو الزامات کے سچ ہونے کا خوف ہے، (ن) لیگ والے ڈرے ہوئے ہیں کہ تحقیقات میں سب سامنے آجائے گا۔



عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ اس معاملے کو طوالت دینا چاہتی ہے کیونکہ ان کی کوشش ہے کہ احتساب ممکن ہی نہ رہے، (ن) لیگ والے سیاستدانوں کو خرید کر اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں لیکن کوئی ہمارا ساتھ نہ دے ہم تب بھی سڑکوں پر نکلیں گے کیونکہ شریف فیملی کی چوری پر خاموشی غریبوں پر ظلم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اکیلی نہیں عوام ہمارے ساتھ ہیں، ہم نوازشریف کے احتساب کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے اور ٹی آر اوز نہ بنے تو 10 فیصد عوام کو سڑکوں پر لاکردکھائیں گے۔



چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موقع ملا تو ملکی دولت لوٹنے والوں پر آرٹیکل 6 نافذ کریں گے اور ان سب کا احتساب ضرور کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ چاروں الیکشن کمشنر (ن) لیگ کے ارکان ہیں ہم اپنی پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ پر (ن) لیگ کے الیکشن کمیشن کو نہیں بلکہ عدالت کو جواب دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں