شوبزمیں اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑنا چاہتی ہوں عائشہ عمر

کبھی سوچا نہیں تھا کہ اس پروفیشن میں اتنی کامیابی ملے گی،اس مقام تک پہنچنے کے لیے مجھے سخت محنت کرنا پڑی


Qaiser Iftikhar June 12, 2016
ٹی وی سے بڑی اسکرین تک سفراچھا رہا،آنیوالے دنوں میں نئے انداز سے آؤنگی جومیرے چاہنے والوں کیلیے سرپرائز ہوگا، گفتگو۔ فوٹو: فائل

اداکارہ وماڈل عائشہ عمر نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ کے مختلف شعبے ہمیشہ ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔

اداکاری، گلوکاری، میزبانی، فیشن، رقص، مصوری، ڈائریکشن اور پروڈکشن سمیت دیگرتکنیکی شعبے دیکھنے میں جس قدر آسان ہیں، حقیقت میں ایسا نہیں۔ ان شعبوں سے وابستہ لوگ جو کام کرتے ہیں، وہ ہرکسی کے بس کی بات نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شوبز سے وابستہ لوگ ہرمحفل کی جان اور شان مانے جاتے ہیں۔ مگریہ مقام ان ہی کے حصے میں آتاہے جواپنا کام نہایت ایمانداری، محنت اورلگن کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عائشہ عمر نے کہا کہ اداکاری، ماڈلنگ اور گلوکاری کے شعبے ایک دوسرے سے مختلف ہیں لیکن ان سے وابستہ ہونے کے بعد بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ ہر آنے والا دن میرے لیے نئے چیلنج لے کرآتا ہے۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شوبز میں اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑنا چاہتی ہوں فلم اورٹی وی کے علاوہ اب تو بطور سنگر میوزک پروگراموں میں پرفارمنس کے دوران بھی بہت کچھ سیکھنے کوملتا ہے۔

میں سمجھتی ہوں کہ اپنی صلاحیتوں کو متعارف کرنے اوران کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے فنون لطیفہ کے شعبے سب سے بہترہیں۔ میں نے توکبھی نہیں سوچا تھا کہ اس پروفیشن میں اس طرح سے کامیابی ملے گی۔ لیکن اس کامیابی کوپانے کے لیے مجھے بہت سخت محنت کرنا پڑی ہے۔ اس کے علاوہ جن سینئر فنکاروں کے ساتھ کام کیا، انھوں نے بھی بہت رہنمائی کی اوریہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ صرف شوبزمیں ہی نہیں زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کے لیے محنت، لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اوراس کے بعد ہی کامیابی مل پاتی ہے۔

میں توبس ایک ہی بات جانتی ہوںکہ کامیابی سفارش یا پیسے سے نہیں ملتی۔ یہ ان ہی لوگوں کا مقدربنتی ہے جواس کے حقدار ہوتے ہیں اوراس کوپانے کے لیے خوب محنت کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عائشہ عمر نے کہا کہ ٹی وی سے بڑی اسکرین تک جانے کاسفربہت اچھا رہا اوراب آنے والے دنوں میں دونوں شعبوں پرکچھ نئے انداز سے آؤں گی جومیرے چاہنے والوں کے لیے سرپرائز ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں