پی سی بی ساڑھے 4 ارب سے زائد کا بجٹ منظور

ملازمین کی تنخواہوں میں10فیصد اضافہ، ڈائریکٹرکرکٹ آپریشنزکا عہدہ مشتہر ہوگا


Sports Reporter June 12, 2016
مدثر نذرمنگل تک نیشنل اکیڈمی میں ذمہ داریاں سنبھال لیںگے، شہر یار خان۔ فوٹو: فائل

MULTAN: آئندہ مالی سال کیلیے ساڑھے 4ارب سے زائد کا پی سی بی کا بجٹ منظور کرلیا گیا، ذرائع آمدن بڑھانے کیلیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا، ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کا عہدہ مشتہر کرنے کافیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین شہریار خان کے زیرصدارت گورننگ بورڈ کا اجلاس ہفتے کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، اس موقع پر شعبہ فنانس کی جانب سے گذشتہ سال کے اخراجات اور آمدنی کی تفصیلات پیش کی گئیں، اراکین کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے دوران پی سی بی کے مجموعی اخراجات 4 ارب 83 کروڑ 80 لاکھ روپے ہونگے جبکہ اس کے مقابلے میں آمدنی 4ارب 79کروڑ روپے متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ذرائع آمدن بڑھانے کیلیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

پی سی بی کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے پر بھی اتفاق ہوا، اجلاس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر کی تقرری کے فیصلوں کی توثیق ہوگئی جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کا عہدہ مشتہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کو کمپنی بنانے کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا تاہم بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ اراکین گورننگ بورڈ نے مکی آرتھر کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے انھیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ہے، مدثر نذر کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ملکی کرکٹ کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار اداکریںگے، وہ منگل تک این سی اے میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں