بنگلہ دیشی ڈومیسٹک ایونٹ میں کرپشن کا بازار گرم

اعلیٰ بورڈ حکام کی من پسند ٹیم کو نوازنے کیلیے ’امپائرز فکسنگ‘ عروج پرپہنچ گئی


Sports Desk June 12, 2016
جھوٹی شکایات پرآئی سی سی نے لیگ کے ہر میچ کوہی فکسڈ قرار دیدیا، بورڈ چیف۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیشی ڈومیسٹک ایونٹ میں بھی کرپشن کا بازار گرم ہوگیا، من پسند ٹیموں کو نوازنے کیلیے 'امپائرز فکسنگ' عروج پرپہنچ گئی جس کے بعد آئی سی سی نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کے ہرمیچ کو 'فکسڈ' قرار دے دیا۔

ادھرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو کی جانے والی شکایات پر بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر نظم الحسن غصے سے بھڑک اٹھے، اپنے کلب ابھانی پر لگنے والے الزامات کو مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری ڈھاکا پریمیئر لیگ میں امپائرنگ کے ناقص معیار اور من پسند ٹیموں کے حق میں دیے جانے والے فیصلوں نے شائقین کے ساتھ نقصان میں رہنے والے کلبز کے آفیشلز کو بھی چونکا دیا، ان میں سے کچھ نے آئی سی سی سے بھی باقاعدہ شکایت کی کہ ڈومیسٹک ایونٹ میں مخصوص نتائج حاصل کرنے کیلیے امپائرز کا سہارا لیا جارہا ہے، جس پر کونسل نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کو نہ صرف شکایات کا نوٹس لینے کی ہدایت کی بلکہ ایونٹ کے ہر میچ کو ہی فکسڈ قرار دے دیا۔

یہ سارا معاملہ ابھانی کلب کی مشکوک کامیابیوں کی وجہ سے سامنے آیا، ایونٹ میں مایوس کن آغاز کے بعد ابھانی نے اچانک لگاتار چار میچز جیت کر سپر لیگ میں جگہ بنائی، لیجنڈز آف روپ گنج اور کالابگن اکیڈمی نے اپنے خلاف ہونے والے فیصلوں کے باوجود ابھانی کو شکست دے کر ایونٹ سے اخراج کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، مگر باقی ٹیموں کے خلاف امپائرز کی مدد سے وہ میدان سر کرنے میں کامیاب رہے۔ خاص طور پر پرائم ڈولشر کے خلاف میچ کے اختتامی اوور میں تسکین احمد کو رن آؤٹ قرار نہ دینے پر کافی حیرت ظاہر کی گئی جو کریز سے کوسوں دور تھے، اس کے باوجود ان کو بیٹنگ جاری رکھنے کا موقع دیا گیا۔

نظم الحسن ابھانی کلب کے اہم ذمہ داران میں سے ایک ہیں، اس لیے وہ اس کے دفاع پر کمربستہ ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سے ایک سازشی ٹولہ آئی سی سی کو جھوٹی خبریں پہنچا رہا ہے، وہاں سے مجھے فون کیے جارہے ہیں کہ ڈھاکا لیگ میں کرپشن ہورہی ہے،کونسل نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ اس لیگ کا ہر میچ ہی فکسڈ ہوتا ہے، انھوں نے کہا کہ جس میچ پر اعتراض کیا جارہا ہے، اس میں رن آؤٹ کے غلط فیصلے کا کوئی بھی اثر نہیں ہواکیونکہ دوسرے اینڈ پر موجود مصدق حسین نے چھکا اور چوکا جڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔ ایک سوال پر نظم الحسن نے کہاکہ غازی گروپ اور وکٹوریہ اسپورٹنگ کلب میں میچ کو پراسرار طور پر ایک دن آگے بڑھانے کے فیصلے کے خلاف تحقیقات کی جائینگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں