یوروفٹبال کپ انگلینڈ اور روسی شائقین کے درمیان میچ کے دوران جھڑپیں

میچ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد روسی شائقین نے انگلینڈ کے مداحوں پر حملہ کردیا اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔


ویب ڈیسک June 12, 2016
میچ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد روسی شائقین نے انگلینڈ کے مداحوں پر حملہ کردیا اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔ فوٹو: اے ایف پی

فرانس کے شہر مارسے میں یورو فٹبال کپ 2016 کے دوسرے روز انگلینڈ اور روس کے فٹبال شائقین کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ شہر میں پولیس اور فٹبال شائقین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

برطانوی فٹبال شائقین اور مقامی افراد کے درمیان ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی جھڑپیں رپورٹ ہوئیں تھیں تاہم انگلینڈ اور روس کے درمیان فٹبال میچ کے دوران گراؤنڈ اس وقت میدان جنگ بن گیا جب میچ 1-1 سے برابر ہوگیا۔ میچ ختم ہونے سے 5 منٹ قبل تک گراؤنڈ کا ماحول خوشگوار تھا تاہم میچ برابر ہونے کے بعد روسی شائقین کی جانب سے پٹاخے پھاڑے گئے اور پھلجڑیاں جلائی گئیں جس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے شائقین پر حملہ کردیا۔ ایونٹ انتظامیہ کی جانب سے دونوں شائقین کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کے لئے رکاوٹیں لگائی گئی تھیں لیکن وہ بھی کسی کام نہ آئیں اور روسی شائقین انہیں پھلانگ کر انگلینڈ کے شائقین تک پہنچ گئے۔

شائقین کے درمیان جھڑپ کے بعد انتظامیہ بالکل بے بس دکھائی دی، سڑکوں پر ہونے والی لڑائی میدان میں دیکھنے کے بعد برطانوی حکومت بھی متحرک ہوگئی۔ برطانوی سفیر جولین کنگ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فرانسی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں جب کہ کئی برطانوی شہری اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

دوسری جانب یورو کپ انتظامیہ کا موقف ہے کہ گراؤنڈ میں بھگدڑ معمولی دھماکے کے باعث ہوئی تاہم تجزیہ نگاروں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر بھگدڑ دھماکے کے باعث ہوئی تو دھماکا خیز مواد گراؤنڈ کے اندر کیسے پہنچا اور جھڑپوں کے بعد شائقین کو چھڑانے والے اہلکار گراؤنڈ میں کیوں موجود نہیں تھے۔

واضح رہے کہ فرانس میں جھگڑوں کا آغاز جمعرات کو نصب شپ کے وقت مقامی نوجوانوں اور برطانوی فٹبال شائقین کے درمیان شہر کی پرانی بندرگاہ کے علاقے میں واقع ملکہ وکٹوریہ شراب خانے کے باہر ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں