قائم علی شاہ کی مقررہ قیمتوں پر اشیائ فراہم کرنیکی ہدایت مختلف علاقوں کا اچانک دورہ

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت سندھ ریونیو بورڈ کا اجلاس، قائم علی شاہ


ایکسپریس July 22, 2012
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ایمپریس مارکیٹ میں کھجوروں کی قیمتیںمعلوم کررہے ہیں، وزیراطلاعات شرجیل میمن بھی موجود ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے یکم رمضان المبارک کو شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، انھوں نے پاکستان چوک پر حکومت کی جانب سے لگائے گئے سستے آٹے کی فراہمی کے اسٹال کے ساتھ ساتھ ایمپریس مارکیٹ صدر کا تفصیلی دورہ کیا۔

وہ ایمپریس مارکیٹ میں سبزیوں ، گوشت ، جنرل اسٹورز پھلوں ، کھجور اور دیگر دکانوں پر گئے او رمارکیٹ میں موجود صارفین سے اشیاء کی قیمتوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مارکیٹ میں بعض دکانوں پر پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے پر ان کے فوری چالان کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے دکانداروں سے مختلف اشیاء کی قیمتیں معلوم کیں اور انہیں سختی سے ہدایت کی کہ لوگوں کو اشیاء مقررہ نرخوں پر فراہم کی جائیں ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایک دو دکانوں پر غیر معیاری سبزی اور پھلوں کی موجوگی پر ان دکانوں کے فوری چالان کا حکم دیا ۔ وزیراعلیٰ اس موقع پر لوگوں سے گھل مل گئے اور ان سے ان کو درپیش مسائل معلوم کیے ، لوگوں کی بڑی تعداد اس موقع پر جمع ہوگئی اور وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرمیڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے رمضان المبارک کے مقد س مہینے میں لوگوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے جامع اورمربوط اقدامات کیے ہیں ،

ہماری بھرپور کوشش ہے کہ لوگوں کو معیاری اور سستی اشیاء ملیں اور وہ رمضان المبارک کی برکات سے فیضیاب ہوں،رمضان المبارک کے احترام میں اشیاء کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں، سستے آٹے کی فراہمی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اس بات کا بغور جائزہ لیں گے کہ حکومت کی جانب سے سستے آٹے کی فراہمی کے تحت لوگوں کو سستا آٹا مل رہا ہے کہ نہیں، انھوں نے کہا کہ کل تک سستے آٹے کی فراہمی کو مزید بہتر کیا جائے نہیں تو ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے بعد ازاں گذری میں یوٹیلٹی اسٹور کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود لوگوں سے یوٹیلٹی اسٹور میں فروخت ہونے والی اشیاء کے بارے میں معلوم کیا ۔ وزیراعلیٰ نے یوٹیلٹی اسٹور کے ذمے داران سے کہا کہ وہ لوگوں کو اشیاء صرف کی سہل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مزید موثر اقدامات کریں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، صوبائی وزیر مکیش کمار چائولہ ، صدیق ابو بھائی ، کمشنر کراچی روشن شیخ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمرا ہ تھے۔

دریںاثناء قائم علی شاہ نے آج وزیراعلیٰ ہائوس میں سندھ ریونیو بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ شکیب قریشی ، سیکریٹری خزانہ سندھ نوید کامران بلوچ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن ، ممتاز شیخ ممبر سندھ ریونیو بورڈ ، مشتاق کاظمی ممبر سندھ ریونیو بورڈ ، امتیاز بارکزئی ممبر سندھ ریونیو بورڈ و دیگر نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران 25 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنے کا ہدف حاصل کر لیا گیا ۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے ہدف میں 28 فیصد اضافی ٹیکس جمع کرنے کا ہدف سندھ ریونیو بورڈ کو دیا گیا ہے ۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ موجودہ منتخب حکومت نے سال 2012-13 کے لیے سالانہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جبکہ حکومت عام افراد کو ریلیف فراہم کرنے کی خواہاں ہے ۔سندھ ریونیو بورڈ کے چیئرمین شکیب قریشی نے اپنی بریفنگ میں وزیراعلیٰ کا بورڈ کی کارکردگی کو سراہنے اور رہنمائی کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

انھوں نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ بورڈ کی طرف سے حکومت کی پالیسیوں اور ہدایات پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا ۔ انھوں نے مختلف تجاویز اور مطالبات پیش کیے جن پر اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ نئی اسامیوں کی منظوری دی جائے تاکہ بہتر نتائج کے حصول میں آسانی ہو سکے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 170پوسٹس میں سے 100نئی پوسٹوں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ باقی پوسٹوں کی بھی مقررہ مدت میں منظوری دی جائے گی ۔ اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف آر بی) سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں