ٹرانسپورٹرز ہڑتال پیاز کی برآمدات کو ایک اور دھچکا

200 کنٹینر پیاز بندرگاہ کیلیے روانہ کیے گئی، انتظامیہ نے حفاظتی امور کیلیے پکڑ دھکڑشروع کردی۔


Business Reporter November 22, 2012
ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاً تمام ٹرالرز کھڑے کردیے، کھیپ راستے میں پھنس گئی، تاخیر کاخدشہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث کروڑوں روپے کی پیاز کے برآمدی آرڈر خطرے میں پڑگئے ہیں۔

آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل امپورٹرز ایکسپورٹرزمرچنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق پیاز کی برآمد کا سیزن عروج پر ہے اور اس وقت 200سے زائد کنٹینرز بندرگاہ کیلیے روانہ ہوچکے ہیں جو گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے سبب راستے میں پھنس گئے اورہڑتال و عاشورے کی تعطیل کے سبب 4 روز کی تاخیر کے بعد بندرگاہ تک پہنچ سکیں گے، ہر کنٹینر میں 28ٹن پیاز لدی ہے جو راستے میں کنٹینرز کھڑے ہونے کی وجہ سے تلف ہونے کا خدشہ ہے۔

برآمد کنندگان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بھاری نقصان سے بچنے کیلیے ٹرانسپورٹرز کے خدشات دور کیے جائیں اور ہنگامی بنیادوں پر جلد تلف ہونے والے آئٹمز کی بندرگاہ تک ترسیل ممکن بنائی جائے۔ برآمد کنندگان کے مطابق ان کنٹینرز پر لدی پیاز کی مالیت 11 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے،گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے سبب کروڑوں روپے کے برآمدی آرڈرز کی بندرگاہ تک ترسیل دشوار ہوچکی ہے جس سے ملکی برآمدات کو بھاری اور ناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے۔

یہ پیاز ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر فارایسٹ ممالک کو برآمد کی جارہی تھی تاہم گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے سبب یہ آرڈرزخطرے میں پڑگئے ہیں، تاخیر کا شکار پیاز کے کنسائنمنٹ خریدار ملکوں کو ایکسپورٹ کیے جانے کی صورت میں پیاز کا معیار متاثر ہوگا جس سے مستقبل کے آرڈرز پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ پیاز جلد تلف ہونے والا آئٹم ہے جس کی شپمنٹ کیلیے 3 بحری جہاز بندرگاہ پر منتظر ہیں جو جمعہ اور ہفتہ کے درمیان پاکستانی بندرگاہ چھوڑ دیں گے، اس دوران 200 کنٹینرز پر لدی پیاز بندرگاہ نہ پہنچ سکی تو ایکسپورٹرز کو پیاز کی مالیت کے ساتھ شپنگ کی مد میں کیے گئے اخراجات کا بھی نقصان ہوگا۔

ادھر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد خان کے مطابق پولیس اور انتظامیہ نے سیکڑوں کنٹینرز ضبط کرکے حفاظتی اقدامات کیلیے شہر کے مختلف علاقوں میں کھڑے کردیے ہیں اور درجنوں ٹرالرز بھی قبضے میں لے لیے ہیں، ان کنٹینرز میں تجارتی مال بھی موجود ہے، کسی بھی ہنگامہ آرائی کی صورت میں ان کنٹینرز پر لدے تجارتی سامان اور ٹرالرز کے نذرآتش ہونے کا اندیشہ ہے جس پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاً تمام ٹرالرز کھڑے کردیے ہیں۔ خالد خان نے بتایا کہ ابھی تک حکام نے ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا کوئی نوٹس نہیں لیا جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال آخری کاروباری روز بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |