پی سی بی وپنجاب حکومت میں اختلافات شدت اختیار کرگئے

پریذیڈنٹ ٹرافی کے سیالکوٹ و فیصل آباد میں شیڈول میچز میر پور اور اسلام آباد منتقل۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کے سیالکوٹ و فیصل آباد میںشیڈول میچز میر پور اور اسلام آباد منتقل۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پنجاب حکومت میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کے سیالکوٹ اور فیصل آباد میں 26 نومبر سے شروع ہونے والے میچ میر پور اور اسلام آباد منتقل کردیے گئے۔ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ میں شیڈول واپڈا اور پی آئی اے کا مقابلہ اب میر پور میں ہوگا جبکہ فیصل آباد میں ہونے والا اسٹیٹ بینک اور سوئی گیس کا میچ اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔دوسری طرف بورڈ نے سیالکوٹ میں تنازع سے متاثرہ انڈر 19 میچ بھی پشاور منتقل کردیا۔


پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان نے میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے میچ کا رکوانا افسوسناک ہے، پشاور میں انعقاد کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا میچ ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے بعد ہی شیڈول کیا گیا تھا۔ دوسری جانب سیالکوٹ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک ذوالفقار نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ وہ کھیل دشمنی کا نوٹس لیں تاکہ آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات نہ ہوں، اسپورٹس میں سیاست کو لانا غلط ہے، اس سے کرکٹرز پر بُرا اثر پڑے گا۔

دریں اثنا جناح اسٹیڈیم میں انڈر 19 میچ کے دوران ٹیموںکو باہرنکال کر اسٹیڈیم کو تالے لگانے کے واقعے کی تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل دیدی گئی،یاد رہے کہ میڈیا پر رپورٹس جاری ہونے کے بعد اسپورٹس افسر اور دیگر متعلقہ حکام بار بار تردید کرتے رہے کہ انھوں نے کھیل میں مداخلت نہیں کی، ڈی سی او کا کہنا تھا کہ میں خود میچ شروع کرانے کیلیے اسٹیڈیم گیا مگر پشاور کی ٹیم کو روانہ کردیا گیا۔
Load Next Story